Buy website traffic cheap

یو اے ای

یو اے ای کے ولی عہد کی پاکستان آمد

یو اے ای کے ولی عہدکی پاکستان آمدپاک یو اے ای دوستی کے نئے روشن دور کی نوید : متحدہ عرب امارات اور پاکستان اسلامی اخوت اور بھائی چارہ کے لازوال رشتہ میں بندھے ہوئے ہیں، پاکستان ان پہلے ممالک میں سے ہے جنہوں نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کیے۔جبکہ مشکل کی ہر گھڑی میں متحدہ عرب امارات نے بھی ہمیشہ آگے بڑھ کر پاکستان کا ساتھ دیا ۔ ایک رپورٹ کے مطابق ابوظہبی فنڈ فار ڈویلپمنٹ نے پاکستان میں ایک عشاریہ پانچ ارب درہم کے آٹھ ترقیاتی منصوبے شروع کیے جن میں ترانوے اعشاریہ ایک کروڑ درہم انرجی، صحت، تعلیم اور سڑکوں کی تعمیر میں خرچ کیے گئے۔قدرتی آفات میں جس انداز میں متحدہ عرب امارات نے پاکستان کا ساتھ شانہ بشانہ دیا قابل تحسین ہے،جبکہ متحدہ عرب امارات میں رہنے والے پاکستانیوں کا 4.3کروڑ ڈالرزرمبادلہ بھی پاکستانی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔پاکستان میں نئی حکومت کے آنے کے بعد متحدہ عرب امارات کیساتھ کئی سالوں سے سرد مہری کے شکار تعلقات میں گرم جوشی دیکھنے کو مل رہی ہے اور وزیراعظم پاکستان کے دورہ متحدہ عرب امارات کے مثبت اثرات بھی اب سامنے آنے شروع ہوچکے ہیں ۔یو اے ای پاکستان کو تین ارب ڈالر فراہمی کے ساتھ ساتھ 3ارب 20 کروڑ ڈالر کا تیل بھی فراہم کرے گا۔یو اے ای کے پیکج کا حجم اور شرائط سعودی پیکج کی طرح ہی ہیں، دونوں ممالک کی جانب سے موخر ادائیگیوں کی سہولت سے پاکستان کو سات ارب نوے کروڑ ڈالر کی بچت ہوگی، پاکستان سالانہ بارہ سے تیرہ ارب ڈالر کا خام تیل منگواتا ہے، جس کے باعث اب ملکی تجارتی خسارے میں نمایاں کمی ہوگی۔ابوظہبی فنڈ فارڈیویلپمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ یو اے ای کی جانب سے یہ اقدام پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں کہا تھا کہ مشکل وقت میں فراخدلی سے پاکستان کی مدد پر یواے ای کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے لئے مالیاتی پیکج کوحتمی شکل دے دی گئی ہے،اماراتی ولی عہد شیخ محمد بن زیاد النہیان آج پاکستان اپنے ایک روزہ دورے پر آرہے ہیں یہاں وہ وزیراعظم عمران خان ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔، توقع کی جا رہی ہے کہ اس مالیاتی پیکج کا حتمی اعلان یو اے ای کے ولی عہد کے دورے میں ہوگا، پاک یو اے ای دو طرفہ تعلقات مزید استحکام اور مضبوطی کی جانب بڑھ رہے ہیںجبکہ سرمایہ کاری کو بھی فروغ دینے کے حوالے سے کئی امکانات پیدا ہوئے ہیں۔جبکہ پاکستان متحدہ عرب امارات سے سرمایہ کاری، تجارت اور معاشی سرگرمیوں کے مزید فروغ کا خواہشمند ہے،یہی وجہ ہے کہ وزیرخارجہ نے یو اے ای کے اعلیٰ سطح وفد کی اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان میں توانائی،زراعت،ہاﺅسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بات ہوئی۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال کے اوائل میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان معاشی و خوشحالی کے بڑے منصوبہ سی پیک میں یواے ای کی شمولیت کی خواہش کا اظہار بھی کیاگیا تھا جسے پاکستان نے خیرمقدم کیا،ممکن ہے کہ آنے والوں دنوں میں سی پیک کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی اہم پیش رفت سامنے آئے ۔بلاشبہ وقت پاکستان کے ہاتھوں میں آتا دیکھائی دے رہا ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت یو اے ای کے ولی عہد شیخ محمد بن زیاد النہیان کے دورہ پاکستان سے کس حد تک مستفید ہونے میں کامیاب ہو پائی گی ،بہرحال قوی امکانات ہیں کہ اماراتی ولی عہد کی پاکستان آمد اور اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں میں طے ہونے والے معاملات سے پاک یو اے ای تعلقات طویل المدتی معاشی واسٹریٹجک تعاون میں تبدیل ہونے کے روشن امید کی کرن نمودار ہوئی ہے؛ اور یہ دورہ دونوں ممالک اور ان کے عوام کے درمیان سفارتی، اخلاقی، معاشی اور تجارتی تعلقات مزید مضبوط کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔