امریکی صدر نے عمران خان سے کیا وعدہ پورا کر دیا

اسلام آباد (ماینٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر نے وزیر اعظم عمران خان سے کیا ہوا وعدہ پورا کر دیا۔ پاکستان کی جانب سے دی جانے والی امداد کے بعد امریکہ نے بھی پاکستان کو وینٹی لیٹرز عطیہ کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں امریکہ اور پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ امریکہ کی جانب سے پاکستان کو 3 ملین ڈالر مالیت کے 100 وینٹی لیٹر عطیہ کر دیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے اسلام آباد میں امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں امریکہ، پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر جاری ایک پیغام میں امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دیے جانے والے امریکی ساختہ 100 وینٹی لیٹرز پاکستان میں کورونا کے مریضوں کو طبی سہولت فراہم کرنے میں مدد کریں گے۔

اسی کے ساتھ ہی امریکی سفیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ پاکستان کی جانب سے امریکہ کو طبی سامان عطیہ کرنے پر بھی مشکور ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر نے وزیر اعظم عمران خان سے کورونا کے خلاف مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا جو انہوں نے پورا کر دیا ہے۔

اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ پاکستان کو امریکی ساختہ 100 وینٹی لیٹرز کا یہ عطیہ کورونا وائرس کے خلاف ہماری مضبوط شراکت کی علامت ہے۔ اپنے ٹوئیٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ امریکہ دنیا بھرمیں وینٹی لیٹرز فراہم کرنے کے لیے پر عزم ہے۔