Buy website traffic cheap

پی ایس ایل

ورلڈکپ کے لیے سکواڈ پی ایس ایل میں پرفارمنس کی بنیاد پر چنا جائیگا

لاہور(ویب ڈیسک): رواں سال ورلڈ کپ کیلئے سکواڈ کی تشکیل کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے پی ایس ایل کی کارکردگی کو پیمانہ بنا لیا جن کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ سے ہر سال دو یا تین نئے کھلاڑی لازمی سامنے آتے ہیں جن کو قابل غور سمجھا جائے گا،میگا ایونٹ کیلئے 19پلیئرز کو 15مختلف پوزیشنوں پر ذہن میں بٹھا لیا،چیف سلیکٹر اور کپتان کو اعتماد میں لے لیا جبکہ پلیئرز کو بھی حکمت عملی سے متعلق آگاہ کر دیا گیا۔ جنوبی افریقہ سے پاکستان واپسی پر قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے میڈیا سے گفتگو میں یہ بات واضح کر دی کہ انضمام الحق اور وہ کافی عرصے سے مختلف معاملات پر ایک ہی صفحے پر ہیں اور انہوں نے ورلڈ کپ کیلئے اپنی پلاننگ سے پوری سچائی کے ساتھ کھلاڑیوں کو بھی آگاہ کردیا ہے کہ انہوں نے پندرہ مختلف پوزیشنوں کیلئے 19پلیئرز کو اپنے ذہن میں رکھا ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ آسٹریلیا کیخلاف سیریز کے دوران تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی دیکھ کر ورلڈ کپ کیلئے اپنا ذہن بنائیں گے کیونکہ انہیں ایونٹ کے دوران 15کھلاڑیوں پر ہی بھروسہ کرنا ہوگا۔ چیمپئنز ٹرافی کے بعد 27میں سے 15میچز جیتنے والی پاکستانی ٹیم اگرچہ جنوبی افریقہ کے حالیہ دورے میں تینوں فارمیٹس میں ناکامی سے دوچار ہوئی لیکن مکی آرتھر کا خیال ہے کہ ساڑھے چار ماہ کے عرصے میں پاکستانی کھلاڑیوں نے جس جذبے اور شدت کے ساتھ کھیل میں حصہ لیا اس پر انہیں فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں ہارکی ذمہ داری کسی ایک پر نہیں ڈالی جاسکتی،ہارنے کے سب ہی ذمہ دار ہیں۔مکی آرتھر نے سرفراز احمد کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ انہوں نے ساڑھے چار ماہ کے حالیہ عرصے صرف ایک کیچ اور ایک سٹمپڈ میں کوتاہی کی اور صرف آٹھ گیندیں ایسی تھیں جو ان کے ہاتھوں میں نہیں آ سکیں لہٰذا انہیں اپنی اصل صلاحیت کے اعتبار سے آؤٹ آف فارم نہیں کہا جا سکتا اور وہ اپنی بہترین کارکردگی پیش کر رہے ہیں۔