Buy website traffic cheap


یوسف رضا گیلانی نے امریکی خاتون کے الزامات کو مسترد کردیا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے امریکی شہری سنتھیا رچی کے الزامات کو گھٹیا قرار دیکر کر مسترد کر دیا۔

پاکستان میں مقیم امریکی خاتون سنتھیا رچی کی جانب سے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت پر الزامات کی بوچھاڑ کی گئی تھی۔سنتھیا رچی نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جب کہ یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیر مخدوم شہاب الدین پر دست درازی کا الزام عائد کیا تھا۔

امریکی خاتون کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ ان گھٹیا الزامات کا جواب دینا ضروری نہیں سمجھتا۔

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کےعہدے کا آدمی ایوان صدر میں کیا ایسی حرکت کر سکتا ہے؟ الزام لگانے والی خاتون ایوان صدر میں کیا کر رہی تھیں؟

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ خاتون نے شہید بے نظیر بھٹو پر بھی عجیب و غریب الزامات لگائے، اس معاملے پر میرے بیٹوں نے عدالت میں جانے کا اعلان کیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ خاتون کے الزامات اسی کا رد عمل ہیں لیکن قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔