Buy website traffic cheap

امریکی صدر

امریکا میں پی ایل او کے بنک کھاتے منجمند، عملے کے ویزے منسوخ

لاہور(ویب ڈیسک): امریکا نے تنظیم آزادی فلسطینی پی ایل او کے تمام بنک کھاتے منجمد کرد ئیے ہیں اور فلسطینی سفارتی عملے کے ویزے منسوخ کرتے ہوئے انہیں ملک سے نکل جانے کا حکم دیا گیا ہے۔ میڈیا کے مطابق پی ایل او کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن حنان عشراوی نے بتایا کہ امریکی حکام نے فلسطینی سفیر حسام زملط اور ان کے خانہ کے ویزے منسوخ کردیے ہیں اور انہیں امریکا سے فورا نکل جانے کا حکم دیا گیا ہے۔ امریکی فیصلے کے بعد فلسطینی سفیر کے بچے 7 سالہ سعید اور پانچ سالہ الما کو واشنگٹن کے اسکول سے نکال دیا گیا ہے۔حنان عشراوی نے کہا ہے کہ امریکی حکام نے واشنگٹن میں موجود فلسطینی ہائی کمیشن کو تمام سرگرمیاں ختم کرتے ہوئے ملک سے نکل جانے کو کہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ امریکا میں موجود پی ایل او کے تمام بنک کھاتے سیل کر دیے گئے ہیں۔فلسطینی خاتون ر ہنماء نے امریکی فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتقامی اور بین الاقوامی اصولوں، سفارتی آداب اور سیاسی قوانین کے خلاف قرار دیا ہے۔ا نہوں نے کہا ہے کہ امریکا میں موجود ہمارے سفارتی عملے کے بچوں اور خواتین کو فورا ملک چھوڑنے کا حکم امریکی انتظامیہ کی کھلم کھلا بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے۔خیال رہے کہ حال ہی میں امریکی حکومت نے واشنگٹن میں موجود تنظیم آزادی فلسطین کے تمام دفاتربند کرد ئیے تھے۔ امریکی حکومت کے اس اقدام کے خلاف فلسطینی قوم اور عالمی سطح پر شدید رد عمل کا سامنا کیا گیا تھا۔