Buy website traffic cheap

سیاسی

انتخابی امیدوار

انتخابی امیدواروں سے یہ سوالات کیجیے پہلا حصہ
1) آپ کب سے سیاست میں حصہ لے رہے ہیں؟
2) سیاست میں آنے کا آپ کا کیا مقصد ہے؟
3) آپ کا خاندان جدی پشی سیاست میں ہے۔ آپ کے والد اور دادا بھی سیاست میں رہے۔ آپ کے بیوی بچے بھی سیاست میں ہیں۔ اس کا تو یہی مطلب ہے سیاست آپ لوگوں کے لیے اثر و رسوخ کا ذریعہ ہے۔ ذرا وضاحت فرمائیں۔ (ایسے لوگوں کو ناکام بنانا قومی فریضہ ہے!!!)
4) آپ انتخابات میں کیوں حصہ لے رہے ہیں؟
5) آپ میں ایسی کون سی بات ہے جس کی بنیاد پر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ اس علاقے کے لیے آپ مناسب ترین امیدوار ہیں؟
6) آپ کس طرح اپنے مخالف امیدوار سے بہتر ہیں؟
7) کیا آپ کو پتہ ہے کہ بلدیہ کے رکن ہونے کے ناطے آپ کی کیا ذمہ داریاں ہیں؟
8) کیا آپ کو پتہ ہے کہ صوبائی اسمبلی کے رکن ہونے کے ناطے آپ کی کیا ذمہ داریاں ہیں؟
9) کیا آپ کو پتہ ہے کہ قومی اسمبلی کے رکن ہونے کے ناطے آپ کی کیا ذمہ داریاں ہیں؟
10) کیا آپ کو پتہ ہے کہ جس حلقے سے آپ امیدوار ہیں اس کی آبادی کتنی ہے؟
11) کیا آپ کو معلوم ہے کہ اس علاقے کے کتنے لوگ ووٹ دینے کا حق رکھتے ہیں؟
12) کیا آپ کو اس حلقے کے مسائل کا علم ہے؟
13) کیا آپ نے اس حلقے کے مسائل کے حل کے لیے کبھی کوئی کوشش کی ہے؟
14) کیا آپ کو پتہ ہے کہ جس حلقے سے آپ امیدوار ہیں اس میں کتنے سرکاری ہسپتال، اسکول یا دیگر سرکاری ادارے ہیں؟
15) آپ اپنے وعدے پورا کرنے میں کتنا وقت لگائیں گے؟
16) آپ پچھلی دفعہ بھی اس حلقے سے کامیاب ہوئے تھے لیکن اس حلقے میں کوئی خاص ترقیاتی کام نہیں ہوا، کیا آپ اس کی وجوہات بتائیں گے؟
17) آپ پچھلی دفعہ بھی اس حلقے سے منتخب ہوئے تھے لیکن آپ نے کوئی کام نہیں کیا۔ اس دفعہ ہم کیسے امید کریں کہ آپ کوئی کام کریں گے؟
انتخابی امیدواروں سے یہ سوالات کیجیے دوسرا حصہ
18) آپ پچھلی دفعہ بھی منتخب ہوئے تھے لیکن آپ کبھی اس حلقے میں نظر نہیں آئے تھے۔ اس کی وجہ بتائیں۔ اس بات کی کیا امید ہے کہ آپ اس بار بھی منتخب ہوگئے تو یہی کچھ نہیں کریں گے؟
19) آپ منتخب ہونے کے بعد پہلے تین ماہ میں علاقے کے لیے کیا کریں گے؟
20) آپ کون سا اخبار پڑھتے ہیں اور کیوں؟
21) آپ کون سا چینل پسند کرتے ہیں اور کیوں؟
22) کون سا اینکر آپ کو پسند ہے اور کیوں؟
23) آپ کی پارٹی نے پچھلے انتخابات میں بہت سارے وعدے کیے تھے جن میں سے کچھ بھی پورے نہیں ہوئے۔ اس کے اسباب بتائیں۔ (یہاں کچھ معلومات اکٹھی کرلی جائیں جو سوال کرتے ہوئے پیش کی جائیں)
24) اگر ضرورت پڑی تو کیا آپ اپنی پارٹی کی پالیسی کے خلاف بھی کوئی کام کریں گے؟
25) کیا آپ نماز پڑھتے ہیں؟
26) آپ کا ذریعہ آمدنی کیا ہے؟
27) اگر آپ کاروبار کرتے ہیں تو اس کے بارے میں بتائیں۔
28) اگر آپ منتخب ہوگئے تو پھر کاروبار اور اس ذمہ داری کو بیک وقت کیسے نبھائیں گے؟
29) کیا آپ نے کبھی نوکری کی ہے؟ اگر جواب ہاں تو کہاں؟
30) الیکشن پر کتنا پیسہ خرچ کر رہے ہیں؟
31) الیکشن کے اخراجات کیسے ادا کر رہے ہیں؟
32) آپ کی رہائش کس علاقے میں ہے؟
33) آپ کے بچے کہاں پڑھتے ہیں؟
34) آپ نے ان کو کسی سرکاری اسکول میں داخل کیوں نہیں کرایا؟
35) ان کے تعلیمی اخراجات کتنے ہیں؟
36) آپ کے بچے کیا کرتے ہیں؟
37) آپ کے بیوی بچے زیادہ تر باہر کےملک میں رہتے ہیں۔ ایسا کیوں؟
انتخابی امیدواروں سے یہ سوالات کیجیے تیسرا حصہ
38) کیا آپ نے کسی اور ملک میں بھی سرمایہ کاری کی ہے؟
39) آپ اخبار کے علاوہ اور کیا مطالعہ کرتے ہیں؟
40) کن کن ملکوں کا سفر آپ نے کیا ہے؟
41) منتخب ہونے کے بعد آپ سے کہاں ملاقات ہوسکے گی؟
42) آپ کے خاندان میں سے اور کون کون الیکشن میں حصہ لے رہا ہے اور کن پارٹیوں سے؟
43) آپ حال ہی میں اپنی پرانی سیاسی جماعت چھوڑ کر اس جماعت میں آئے ہیں۔ اس کے کیا اسباب ہیں؟
44) کیا آپ نے کبھی پاکستان کے کسی بنک سے قرضہ لے کر معاف کرایاہے؟ (اس پر کچھ معلومات حاصل کرلی جائیں تو امیدوار کے جواب کو جانچا جا سکتا ہے۔)
45) آپ نے کسی زمانے میں بنک سے قرضہ لیا تھا پھر اس کو معاف کرالیا تھا۔ آپ نے ایسا کیوں کیا؟ (اس پر کچھ معلومات حاصل کرلی جائیں تو امیدوار کے جواب کو جانچا جا سکتا ہے۔)
46) آپ بیمار پڑے تو علاج کے لیے بیرون ملک جانا پسند کریں گے یا پاکستان ہی میں علاج کرائیں گے؟
47) حال ہی میں آپ اپنے علاج کے لیے پاکستان سے باہر تشریف لے گئے تھے جب کہ اس بیماری کا علاج ہمارے وطن میں بھی اچھا ہوتا ہے۔ اس کی وجہ بتائیں۔
48) کیا وہ چیزیں جو ہر گھر میں استعمال ہوتی ہیں آپ کو ان کی قیمتیں پتہ ہیں؟ (امیدوار سے کسی بھی چیز مثلاً آٹے کی قیمت پتہ کی جائے۔)
49) پاکستان کے سرکاری ملازمین کی کم سے کم کیا تنخواہ ہے؟
50) اسکول ٹیچر کی کیا تنخواہ ہے؟
51) بس کا کم از کم کرایہ کیا ہے؟
52) کیا آپ نے پاکستان کے غریبوں کی کسی بستی میں کوئی دن گزارا ہے؟
53) کیا آپ نے کبھی بس میں سفر کیا ہے؟
54) اگر آپ وزیر بنائے تو آپ سرکاری حفاظتی دستہ استعمال کریں گے؟ اگر آپ کو جواب ہاں تو کیوں؟کیا آپ کو اپنی جان کا خطرہ ہے؟ کس سے؟
انتخابی امیدواروں سے یہ سوالات کیجیے چوتھا حصہ
55) پچھلے مہینے آپ کا بجلی کا بل کتنا آیا تھا؟ کیا آپ اپنا بجلی کا ادا کیا ہوا بل دکھا سکتے ہیں؟
56) پچھلے مہینے آپ کا گیس کا بل کتنا آیا تھا؟ کیا آپ اپنا گیس کا ادا کیا ہوا بل دکھا سکتے ہیں؟
57) آپ کے پاس کتنی گاڑیاں ہے؟ اگر ایک سے زیادہ ہوں تو پوچھا جائے کہ اتنی گاڑیاں کیوں رکھی ہیں؟
58) آپ کے پاس کون سی گاڑی ہے؟
59) آپ کے پاس کون سی کمپنی کی گاڑی ہے؟
60) آپ کے پاس کون سے ماڈل کی گاڑی ہے؟
61) آپ نے یہ گاڑی کتنے کی خریدی تھی؟ اگر کوئی بہت مہنگی گاڑی ہو تو اس کا سبب دریافت کیا جائے۔
62) کیا آپ گاڑی کا ٹیکس ادا کرتے ہیں؟ برائے مہربانی اس کی ادائیگی کا ثبوت دیں۔
63) کیا آپ پانی کا بل ادا کرتے ہیں؟ برائے مہربانی اس کی ادائیگی کا ثبوت دیں۔
64) آپ کے گھر میں کتنے ملازم ہیں؟
65) کیا آپ نے اپنے ملازمین کے بچوں کو تعلیم دلانے کے سلسلے میں کچھ کوشش کی ہے؟
66) اگر آپ بلدیہ کے ممبر منتخب ہوگئے تو کیا آپ مئیر یا کوئی اور عہدہ لینا پسند کریں گے؟اگر آپ کا جواب ہاں ہے تو کیا آپ کو اس عہدے کی ذمہ داریاں معلوم ہیں؟
67) کیا آپ کے پاس پاکستان کے علاوہ کسی اور ملک کی شہریت بھی ہے؟
68) آپ بیک وقت دو حلقوں سے انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں، کیوں؟
69) اگر آپ دونوں حلقوں سے منتخب ہوگئے تو کس حلقے سے استعفا دیں گے اور کیوں؟
70) آپ کی تعلیمی قابلیت کیا ہے؟
71) آپ نے تعلیم کہاں سے حاصل کی ہے؟
72) اگر آپ اسمبلی کے ممبر منتخب ہوگئےتو کوئی وزارت لینا پسند کریں گے؟ اگر آپ کا جواب ہاں ہے تو کون سی وزارت اور کیوں؟
73) کیا اس وزارت کی ذمہ داریوں سے آپ آگاہ ہیں؟
74) اگر انتخابات میں نتیجہ آپ کی پارٹی کے مطابق نہ آیا تو کیا آپ اور آپ کی پارٹی اس کو قبول کرلے گی؟
75) اس حلقے میں ترقی کے لیے آپ اپنی ممبری کے دور میں کیا منصوبے رکھتے ہیں؟
انتخابی امیدواروں سے یہ سوالات کیجیے پانچواں حصہ
76) پاکستان میں اسلامی قوانین کے مکمل نفاذ کے لیے آپ کا کیا منصوبہ ہے؟
77) حکومتی اداروں کی مکمل خود مختاری کے لیے آپ کا کیا منصوبہ ہے؟
78) پاکستان کی 80 فیصد آبادی ان پڑھ ہے۔ تعلیم کو عام کرنے کے لیے آپ اور آپ کی پارٹی کے پاس کیا منصوبہ ہے؟
79) اس حلقے کی معروف شخصیات میں سے کون کون آپ کی حمایت کررہا ہے؟ نام بتائیں۔
80) آپ سالانہ کتنا ٹیکس دیتے ہیں؟
81) کیا آپ اپنا ٹیکس ریٹرن کا کاغذ دکھانا پسند کریں گے؟
82) سرکاری اداروں میں رشوت کا بازار گرم ہے، اس کو روکنے کے لیے آپ اور آپ کی پارٹی کے کیا اقدامات کرنا چاہتی ہے؟
83) تعلیم اور صحت ہر انسان کا حق ہیں، آپ اور آپ کی پارٹی اس کو یقینی بنانے کے لیے کیا اقدامات کرنا چاہتی؟
84) ملک میں امن کی حالت بہت خراب ہے۔ آپ اور آپ کی پارٹی اس کو بہتر بنانے کے لیے کیا اقدامات کرنا چاہتی؟
85) انصاف کا حصول ناممکن ہو گیا ہے۔ عدالتوں میں مقدمات سالوں چلتے رہتے ہیں۔ آپ اور آپ کی پارٹی سستے اور فوری انصاف کو یقینی بنانے کے لیے کیا اقدامات کرنا چاہتی؟
86) شہری انتظامیہ شہری حکومت کے تحت ہونی چاہیے۔ آپ کی پارٹی اس سلسلے میں کیا اقدامات کرے گی؟
87) پولیس شہری انتظامیہ کے تحت ہونی چاہیے، آپ کی کیا رائے ہے؟
88) اپنی پارٹی کی کارکردگی کے متعلق آپ کا کیا خیال ہے؟
89) قانون کے مطابق زمین کی ملکیت کی حد مقرر ہے ۔ جب کہ آپ خود بہت بڑے زمیندار ہیں تو کیا آپ اس قانون کو عملا نافذ کرنے کے لیے کچھ اقدامات کریں گے؟( اگر آپ کا جواب ہاں ہے تو اس کے لیے آپ کیا طریقہ اختیار کریں گے؟)
90) ہر پاکستان کی حق حاصل ہے کہ وہ اپنے نمائندے کی بلدیہ یا اسمبلیوں میں کارکردگی کے بارے میں جان سکے۔ کیا آپ اس بات کے حامی ہیں کہ بلدیہ یا اسمبلیوں میں مختلف موقعوں پر جو رائے شماری ہوتی ہے تمام پاکستانی اس کو جان سکیں کہ ان کا نمائندہ کا ووٹ کس کے حق میں رہا ہے؟ (اگر جواب نہیں ہو تو کیوں؟)
91) آپ اس علاقے میں نہیں رہتے پھر بھی انتخاب یہاں سے لڑ رہے ہیں۔ اس کی وجہ بتائیں؟ (ایسے امیدوار کو ناکام بنانا قومی فریضہ ہے۔)
92) کیا آپ کو کسی جرم میں سزا ہوئی ہے؟ وضاحت کریں۔
انتخابی امیدواروں سے یہ سوالات کیجیے چھٹا حصہ
93) سرکاری معاملات کے بارے میں معلومات کا حصول اب ایک شہری حق مانا جاتا ہے۔ اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا آپ بتانا پسند کریں گے کہ ماضی جو مختلف کمیشن مختلف معاملات کی تفتیش کے لیے قائم کیے گئے تھے (مثلا حمود الرحمن کمیشن رپورٹ) ان رپورٹوں کو شائع کرنے کا بارے میں آپ کا کیا نکتہ نظر ہے؟
94) ملک میں طبی سہولتوں کا فقدان ہے۔ اس سلسلے میں آپ یا آپ کی پارٹی کا کیا منصوبہ ہے؟
95) عام شہری پولیس تھانے جاتا ہوئے ڈرتا ہے جس کی وجہ ان کا انتہائی غلط رویہ ہے۔ آپ اس سلسلے میں پولیس کو کس طرح بہتر بنائیں گے؟
96) کیا آپ پر کوئی مقدمہ قائم ہے جس کی کاروائی عدالت میں چل رہی ہے؟ اگر ہاں تو کون سی عدالت میں؟
97) آپ کا آبائی علاقہ کون سا ہے؟ ( اگر کچھ معلومات حاصل کرلی جائیں تو سوال زوردار ہوجائے گا)
98) آپ کے آبائی علاقے میں آپ نے کون کون سے ترقیاتی کام کیے ہیں؟ ( اگر کچھ معلومات حاصل کرلی جائیں تو سوال زوردار ہوجائے گا)
99) آپ کے آبائی علاقے میں کتنے لوگ تعلیم یافتہ ہیں؟ ( اگر کچھ معلومات حاصل کرلی جائیں تو سوال زوردار ہوجائے گا)
100) آپ کتنے عرصے سے اپنے آبائی علاقے نہیں گئے ہیں؟ ( اگر کچھ معلومات حاصل کرلی جائیں تو سوال زوردار ہوجائے گا)
101) آپ ایک طویل عرصے سے اپنے آبائی علاقے نہیں گئے۔ اس کی کوئی خاص وجہ بتائیں گے؟ ( اگر کچھ معلومات حاصل کرلی جائیں تو سوال زوردار ہوجائے گا)
102) جس سیٹ پر آپ انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں یہ آپ کی جدی پشتی ہے۔ آخر کیا وجہ ہے کہ آج بھی یہ علاقہ ہر لحاظ سے پس ماندہ ہے؟
103) آپ خود بہت مالدار آدمی ہیں اس کے پیش نظر کیا آپ بلدیہ/اسمبلی سے ملنے والے تنخواہ اور دیگر مراعات چھوڑ دیں گے؟ اگر جواب نہیں ہے تو اس کی وجہ بتائیں۔
104) آپ بہت مالدار آدمی ہیں اور پچھلی بار بھی اس سیٹ پر بلدیہ/اسمبلی میں منتخب ہوئے تھے۔ کیا آپ نے بلدیہ/اسمبلی سے تنخواہ لی تھی؟ (اگر نہیں لی تھی تو اس کا ثبوت مانگا جائے۔)
105) کیا آپ نے کبھی سرکاری خرچ پر عمرہ یا حج کیا ہے؟