Buy website traffic cheap


جاوید میانداد نے نامزد چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو تھنک ٹینک کی تشکیل کا مشورہ دیدیا

لاہور(ویب ڈیسک): سابق قومی کپتان جاوید میانداد نے احسان مانی کو پی سی بی کی سربراہی کیلئے موزوں ترین امیدوار قرار دیتے ہوئے انہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ عہدہ سنبھالنے کے بعد ملکی کرکٹ کے معاملات کو بہتر بنانے کیلئے سابق کرکٹرز پر مشتمل تھنک ٹینک تشکیل دیں۔جاوید میانداد کے مطابق مجوزہ تھنک ٹینک ایسے نامور کرکٹرز پر مشتمل ہو جو احسان مانی کو اہم معاملات پر گائیڈ کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ احسان مانی تجربہ کار ایڈمنسٹریٹر اور ایک ایسے آل راؤنڈر کی مانند ہیں جو سارے معاملات کو احسن انداز میں ہینڈل کر سکتا ہے اور کوئی شک نہیں کہ وہ انتظامی امور سنبھالنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں لیکن ان کا مشورہ یہی ہے کہ وہ ریجنل اور ڈسٹرکٹس لیول پر کھیل کے معیار کو بلند کرنے کیلئے سابق ٹیسٹ کرکٹرز کو اپنے سیٹ اپ میں شامل کریں۔ سابق قومی کوچ کا کہنا تھا کہ بہت سارے باصلاحیت لیجنڈ کرکٹرز اپنے گھروں میں بیٹھے ہیں جن کے تجربے سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سابق کرکٹرز کی مہارت کو پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے بھرپور انداز میں استعمال کیا جانا چاہئے جو بہتر اقدام ہوگا۔ جاوید میانداد کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی باہمی سیریز نہ کھیلنے کی وعدہ خلافی پر پی سی بی کو آئی سی سی پر واضح کردینا چاہئے کہ پڑوسی ملک کیخلاف کسی بھی سطح پر اسی وقت ون ڈے اور ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے جب وہ ماضی کے طے شدہ معاہدے کی پاسداری کرے گا کیونکہ اس کی جانب سے ہمیشہ ہی وعدہ خلافی کرتے ہوئے حکومتی اجازت نہ ملنے کو بہانے کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔