Buy website traffic cheap

نوازشریف

سابق وزیراعظم نوازشریف نے “روزنامہ جنگ” کو جھوٹا قراردیدیا، پیپلزپارٹی کےمتعلق شائع بیان کی تردید

لاہور(ویب ڈیسک): سابق وزیراعظم نواز شریف نے خود سے منسوب بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے پیپلزپارٹی کو تحریک انصاف کا بغل بچہ نہیں کہا اس حوالے سے شائع کردہ بیان غلط ہے۔منگل کو احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہاکہ انہوں نے کوئی بات ہی نہیں کی اور مجھ سے منسوب بیان لگا دیا گیا انہوں نے پیپلزپارٹی کو تحریک انصاف کا بغل بچہ نہیں کہا۔سابق وزیر اعظم سے منسوب شائع شدہ خبر میں کہا گیا تھا کہ میاں نواز شریف نے مضبوط اور جاندار اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کے لئے پیپلزپارٹی سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ انہوں نے متفقہ صدارتی امیدوار لانے کے معاملے میں لیگی رہنماؤں کو پیپلزپارٹی سے مزید مشاورت کرنے سے منع کر دیا اور انہیں ہدایت کی کہ وہ مولانا فضل الرحمان کو ووٹ دیں۔ خبر میں مزید کہا گیا کہ احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر کمرہ عدالت کے اندر لیگی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن)مزید ایک ساتھ نہیں چل سکتیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کی بقا کے لئے ضروری تھا کہ دونوں بڑی سیاسی جماعتیں مل کر کام کریں ۔ جعلی مینڈیٹ سے آنے والی حکومت کو آ ئینی اور قانونی طریقے سے ہٹانے کے لئے پیپلزپارٹی کو ہمارا ساتھ دینا چاہئے تھا۔منگل کے روز سابق وزیراعظم کو پانچویں اڈیالہ جیل سے احتساب عدالت اسلام آباد پہنچایا گیا جہاں العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت ہو ئی ۔ احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے ریفرنسز پر سماعت کی۔ واضح رہے کہ یہ خبر روزنامہ جنگ نے شائع کی تھی.