ممبئی:بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس نے 20 سالہ نوجوان کو، جس نے سلمان خان اور بابا صدیقی کے بیٹے ذیشان صدیقی کو قتل کی دھمکیاں دی تھیں، بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر نوئیڈہ سے گرفتار کر لیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، اس نوجوان نے جمعے کے روز ذیشان صدیقی کے لینڈ لائن نمبر پر کال کی اور انہیں قتل کی دھمکیاں دیں، اس کے علاوہ آڈیو پیغام بھی چھوڑا۔ اسی نوجوان نے سلمان خان کو بھی جان سے مارنے کی دھمکیاں دی تھیں، جس کے بعد پولیس نے اسے حراست میں لے کر ممبئی منتقل کر دیا، جہاں اس سے مزید تفتیش کی جائے گی۔
یاد رہے کہ سلمان خان کو پہلے بھی بشنوئی گینگ کی طرف سے قتل کی دھمکیاں مل چکی ہیں۔ حالیہ دنوں میں سلمان خان کے قریبی دوست اور سیاستدان بابا صدیقی کو ممبئی میں قتل کر دیا گیا تھا، اور اس قتل کی ذمہ داری بشنوئی گینگ نے قبول کی تھی۔ سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کے واقعات نے بھی ان کی سکیورٹی کے بارے میں تشویش کو بڑھا دیا ہے۔