مشہور موسیقار الطاف حسین طویل بیماری کے بعد وفات پا گئے

لاہور:مشہور موسیقار الطاف حسین، جنہیں طافو خان کے نام سے جانا جاتا تھا، طویل بیماری کے بعد وفات پا گئے۔ 1946 میں موسیقی کے خاندان میں پیدا ہونے والے استاد طافو خان نے کم عمری میں ہی طبلے کا شوق اپنایا اور اس میں کمال مہارت حاصل کی۔

انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران مہدی حسن، نور جہاں، غلام علی، نصرت فتح علی خان، نصیبو لال اور شازیہ منظور جیسے مشہور گلوکاروں کے ساتھ شاندار پرفارمنسز دیں۔ انہوں نے 6 سے زیادہ فلموں میں موسیقار کے طور پر خدمات انجام دیں، جبکہ ان کا پنجابی گانا “سن وے بلوری اکھ والیاں” بے حد مقبول ہوا۔

استاد طافو خان نے نصیبو لال سمیت کئی گلوکاروں کو موسیقی کے میدان میں متعارف کروایا۔ ان کے قریبی رشتہ داروں میں غلام علی، ساحر علی بگا اور سجاد طافو جیسے نامور موسیقار شامل ہیں، جبکہ ان کے بیٹے طارق طافو بھی میوزک میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔

پاکستان کی پہلی اوپیرا گلوکارہ سائرہ پیٹر نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ہنرمند موسیقار اب بہت کم پیدا ہوتے ہیں۔ استاد طافو خان نے ہمیشہ فنِ موسیقی کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں