Buy website traffic cheap

ملک

ملک بھر میں ”یوم عاشور “مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

لاہور (یواین پی) حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کی یاد میں ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا،جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔جلوسوں کی فضائی نگرانی کے ساتھ گزر گاہوں پر فورسز کی بھاری نفری تعینات تھی، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کو بھی الرٹ کر دیا گیا تھا۔اس موقع پر مختلف شہروں میں چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوئے جبکہ جلوسوں کی گزرگاہوں پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے، مختلف شہروں میں موبائل فون کی بندش کے ساتھ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد تھی۔کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس مرکزی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر ختم ہوا، جلوس کے راستوں میں پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔یوم عاشور کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوئے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے،جلوس کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔
کراچی، لاہور سمیت ملک کے تمام شہروں میں جلوسوں کے روٹ پر لنک روڈز کو کنٹینرز اور قناتیں لگاکر بند کیا گیا ہے اور مسلسل فضائی نگرانی بھی جاری رہی، خواتین پولیس اہلکار کی بڑی تعداد بھی مرکزی جلوسوں کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیئے۔سیکیورٹی خدشات کے باعث کراچی سمیت کئی شہروں میں موبائل فون سروس صبح سے ہی بند رہی جبکہ انٹرنیٹ وائی فائی سروس بھی متاثر ہوئے، سندھ اور پنجاب کے بڑے شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد رہی۔یوم عاشور کے موقع پر ملک بھر کی فضا سوگوار رہی، نواسہ رسول حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں نے کربلا کے میدان میں عظیم قربانی پیش کرکے اسلام کو ہمیشہ کے لیے سربلند کردیا.حق و باطل کے اس معرکے کی یاد میں ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں علم،شبیہہ ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد کیے جا تے رہے جن کی سیکیورٹی کے لئے نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہزاروں اہلکار تعینات کئے گئے تھے بلکہ سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پولیس کے ساتھ رینجرز کو بھی اہم شاہراوں پر تعینات کیا گیا تھا۔عزادار نوحہ خوانی اور ماتم کرکے اپنے غم کا اظہار کررہے ہیں، یوم عاشور پر سیدہ کے لعل کا پرسہ دینے کے لئے عزداران شاہراہوں پر ہیں، حسین ابن علی اور اہل بیت کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے رہے۔کراچی میں یوم عاشور کامرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر منزل کی جانب رواں دواں رہا، جلوس کے شرکاءنوحہ خوانی، سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرتے ہوئے روایتی راستوں پر رواں دواں رہیں۔ جلوس کی گزرگاہوں پرسبیل لگائی گئیں اور لنگرتقسیم کیا جاتارہا۔