Buy website traffic cheap

پنجاب

کیپٹن (ر) محمد عثمان نے عوام کی صحت کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کو نئے احکامات جاری کردیے

لاہور(آئی آئی پی) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان نے فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا دورہ کیا۔انہوں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی استعداد کار بڑھانے کے لیے جامع پالیسی کی تیارکرنے کے احکامات جاری کیے۔اے ڈی جی ٹیکنیکل کو 5روز میں لیبارٹری کی توسیع اورتمام درکار وسائل کی فہرست مرتب کر کے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا تفصیلی دورہ کیا۔انہوں نے لیبارٹری کی استعداد کار بڑھانے کے لیے جامع پالیسی کی تیاری کے آغاز کے احکامات جاری کرتے ہو ئے اے ڈی جی ٹیکنیکل کو 5روز میں لیبارٹری کی توسیع اورتمام درکار وسائل کی فہرست مرتب کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے واٹر ٹیسٹنگ سیکشن کی صلاحیت روزانہ40نمونوں سے بڑھا کر 100تک لے جانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر سے لائے گئے پانی کے نمونوں کو 10دنوں میں چیک کرنے کی صلاحیت پیدا کریں گے تاکہ کم وقت میں برق رفتاری کے ساتھ مستند نتائج دیے جاسکیں۔صوبہ بھر میں معیاری خوراک کی فراہمی کے حوالے سے دودھ، گھی، آئل، کچپ، مرچ، مصالحہ جات سمیت دیگر اشیاءکے تمام قسم کے تجزیہ کی صلاحیت پیدا کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹ سے اشیائے خورونوش کے نمو نے حاصل کرنے کے طریقہ کار کو مزید بہتر بنانے کےلئے عالمی معیار کے مطابق ایس او پی بنائیں گے تاکہ بہتر نتائج مرتب کیے جاسکیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے لیبارٹری کیلئے درکارسٹاف کی بھرتی اور مشینری کی خریداری کے عمل کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ان کا کہنا تھا کہ لیبارٹری میں داخلے کے محفوظ اور منظم طریقہ کار کو سختی سے لاگو کیا جائے۔اس امر کو ممکن بنایا جائے کہ لیبارٹری میں کام کرنے والا سٹاف ایس او پی کے مطابق مکمل حفاظتی لباس پہن کرہی لیبارٹری میں داخل ہو۔صوبہ بھر میں معیاری خوراک کی فراہمی کے حوالے سے پنجاب فوڈ اتھارٹی فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی استعداد کار بڑھانا ناگزیر ہے۔