اظہر علی پی سی بی یوتھ ڈویلپمنٹ کے سربراہ مقرر

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے یوتھ ڈیولپمنٹ کا سربراہ مقرر کردیا گیا۔

پی سی بی کے مطابق یہ رول اظہر علی کی موجودہ ذمہ داریوں کی توسیع ہوگی، اس وقت وہ قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن کے طور پر بھی کام کر رہے ہیں، ان کی تقرری ریکروٹمنٹ کے عمل کے مطابق کی گئی ہے۔

اظہر علی نے 2002 میں آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ سے اپنے سفر کا آغاز کیا جس کے بعد وہ سینئر ٹیم میں آئے، 2010 سے 2022 تک کے کیرئیر میں انہوں نے 97 ٹیسٹ اور 53 ون ڈے میں پاکستان کی نمائندگی کی جب کہ انہوں نے 9 ٹیسٹ اور 31 ون ڈے میچوں میں قومی ٹیم کی کپتانی بھی کی۔

اظہر علی کا کہنا ہے میں اس اہم کردار کو نبھانے پر فخر محسوس کرتا ہوں اور پرجوش ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں کلب اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے بعد یہ سمجھتا ہوں کہ مستقبل کے اسٹارز کی تشکیل میں گراس روٹ کی ترقی کا اہم کردار ہے، اس شعبے میں پہلے ہی اہم پیش رفت ہوئی ہے اور میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ اپنے نوجوانوں کے ترقیاتی پروگرام کو مزید آگے بڑھانے کے لیے کام کرنے کا منتظر ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں