Buy website traffic cheap


برازیل صدارتی الیکشن:دائیں بازو کے امیدوارجائیر بالسونارو کی سبقت

لاہور(ویب ڈیسک): برازیل میں صدارتی الیکشن کا انعقادگزشتہ روز ہوا۔ عوامی جائزوں کے مطابق دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے سابق فوجی افسر جائیر بالسونارو دیگر امیدواروں پر سبقت حاصل کیے ہوئے ہیں۔ اس الیکشن میں مجموعی طور پر 13صدارتی امیدوار مدمقابل ہیں۔ انتخابات میں ملک کے 147 ملین ووٹرز26صوبوں میں513قانون سازوں کے علاوہ 53 سینیٹرز اور گورنرز کو بھی منتخب کریں گے۔ اس سے قبل برازیل کے سابق صدر لولا ڈی سلوا کو عام انتخابات میں بطور امیدوار حصہ لینے سے روک دیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ یہی نہیں بلکہ انہیں ووٹ ڈالنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اقدام اس قانون کے تحت کیا گیا جس کے مطابق کسی سزا یافتہ قیدی کی جانب سے سزا کے خلاف اپیل مسترد ہوجائے تو اسے ووٹ دینے کا حق بھی نہیں دیا جاتا۔ واضح رہے کہ بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے 72سالہ سابق حکمران بدعنوانی کے الزامات میں 12برس قید کی سزا کاٹ رہے ہیں، لولا ڈی سلوا کی سزا ابھی تک دوسری اپیل میں ہے ، لیکن وہ اب بھی اس صورت میں ہی ووٹ ڈالنے کے اہل ہوسکتے تھے جب اسی جیل میں کم از کم دیگر 20 مجرم بھی عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی خواہش کا اظہار کرتے کیونکہ حکام کوجیل کے اندر پولنگ اسٹیشن قائم کرنا ہوگا، جیل حکام نے بتایا کہ سابق صدر جس جیل میں قید ہیں وہاں کسی اور قیدی نے ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں مانگی ،چونکہ صرف ایک قیدی کے لیے یہ انتظام نہیں ہوسکتا اس لیے لولا ڈی سلوا کی جانب سے ووٹ ڈالنے کی اجازت کے لیے کی گئی درخواست مسترد کر دی گئی۔