Buy website traffic cheap

Sherry Rehman's demand to hold elections on time

شیری رحمان کا انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کا مطالبہ

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے الیکشن کمیشن سے مقرر وقت پر انتخابات کرانے کا مطالبہ کردیا۔پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سابق وفاقی وزیر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ حالیہ اعلان سے ظاہر ہوتا ہے نئی مردم شماری کے مطابق حلقہ بندیوں میں 4 ماہ لگیں گے، الیکشن کمیشن کا یہ اعلان ہمارے لئے تشویش اور مایوسی کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے فیصلے اور جاری کردہ شیڈول پر سنجیدگی سے نظر ثانی کرے، اسمبلیوں کی جلد تحلیل کرنےکا مقصد تیاریوں کیلئے زیادہ سے زیادہ وقت فراہم کرنا تھا۔شیری رحمان نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے سی سی آئی کے اجلاس میں نئی مردم شماری کے تحت انتخابات کی توثیق کی تھی، اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ موجودہ نشستیں تبدیلی نہیں ہونگی، ہم نے نئی مردم شماری کی بنیاد پر عام انتخابات کرانے پر رضامندی ظاہر کی۔ان کا کہنا تھا کہ قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں میں تبدیلی نہیں ہونی، حلقہ بندیوں کا عمل جلد مکمل کیا جائے، پی پی اور اسکے ووٹرز انتخابات کی تاریخ کے منتظر تھے، حلقہ بندیوں کے شیڈول کے نہیں۔پیپلز پارٹی کی نائب صدر نے مزید کہا کہ انتخابات میں تاخیر ملک میں سیاسی غیر یقینی، عدم استحکام کا باعث بنے گی، آئین الیکشن کمیشن کو پابند کرتا ہے اسمبلی تحلیل ہونے کے 90 روز میں انتخابات کرائے ہم الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں آئین کے مطابق انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے۔