Buy website traffic cheap


کسٹمز محصولات کے لیے نئی کمپنی کے قیام کا فیصلہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت کی تحت ایک نجی کمپنی کا قیام عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا مقصد عالمی تجارت کو کسٹمز کی سطح پر موثر طریقے سے نمٹانا ہے، یہ فیصلہ ایک ایسے موقع پر کیا گیا جب وفاقی حکومت کی جانب سے شدید معاشی بحران کے باعث اداروں کی نج کاری کا عمل بھی جاری ہے۔

پاکستان سنگل ونڈو کمپنی کے قیام کا مقصد وہ تمام امور سرانجام دینا ہے جو اس وقت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے تحت کام کرنے والے ادارے پاکستان کسٹمز انجام دے رہا ہے، نئی تشکیل کردہ کمپنی کے بعد بھی ایسے تمام امور پاکستان کسٹمز ہی انجام دیتا رہے گا جیسا کہ وہ دیتا آرہا ہے تاہم اب اسے زیادہ مالیاتی آزادی اور فوائد حاصل ہوں گے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مالیات بدھ کے روز آج پاکستان سنگل ونڈو کمپنی 2020 بل کی منظوری دے گی تاکہ اسے ا?ئینی حیثیت حاصل ہوسکے تاہم قانون کی منظوری سے قبل ہی ایف بی آر نے اس کمپنی کے اعلی انتظامی عہدوں کے لیے درخواستیں طلب کرلی تھیں۔

اس کمپنی کے دفاتر کراچی اور اسلام آباد میں کرائے پر حاصل کرلیے گئے ہیں جبکہ پاکستان کسٹمز کے افسران کو ذرائع کے مطابق ایک لاکھ 75 ہزار روپے تک کا الاونس بھی ملنا شروع ہوگیا ہے جبکہ کام وہ وہی پرانا کررہے ہیں۔

نئی مجوزہ کمپنی جو پاکستان کسٹمز کو ایک موثر انفارمیشن ٹیکنالوجی کا پلیٹ فارم مہیا کرے گی، اس کا قیام ایک ایسے وقت میں لایا جارہا ہے جب حکومت کی جانب سے 67 ہزار سرکاری نوکریوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ معاشی بحران کے باعث اس سال سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بھی کوئی اضافہ نہیں کی گیا ہے۔

قائمہ کمیٹی میں پیش کیے گئے بل کے مطابق پاکستان سنگل ونڈو کمپنی کے قیام کا مقصد انفارمیشن اور مواصلات کی بنیاد پر ایسی سہولیات فراہم کرنا ہے کہ کوئی بھی شخص یا ادارہ جو تجارت کرنا چاہتا ہے وہ درآمدات یا برآمدات کی صورت میں درکار تمام کاغذات کو ایک ہی جگہ جمع کراسکتا ہے اور ایسا دوبارہ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔