بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے سابق وزیر مرحوم بابا صدیقی کو گولی مارنے والے اہم ملزم شیو کمار کو گرفتار کرلیا گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بابا صدیقی کو گولی مارنے والےملزم شیو کمار کو ریاست اترپردیش سے گرفتار کیا گیا ہے اور دوران تفتیش شیو کمار نے لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ شوٹر شیو کمار بابا صدیقی کے قتل کے بعد سے مفرور تھا اور نیپال فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا تاہم اتر پردیش میں پولیس کارروائی کے دوران شیو کمار کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے شیو کمار کے علاوہ مزید 4 ملزمان کو بھی گرفتار کیا ہے جس کے بعد بابا صدیقی کے قتل میں ملوث گرفتار ملزمان کی تعداد 23 ہوچکی ہے۔
دوران تفتیش شوٹر کے انکشافات
دوران تفتیش ملزم شیو کمار نے بتایا کہ ’بابا صدیقی کو قتل کرنے کے لیے 9.9 ایم ایم پستول کا استعمال کیا گیا جب کہ بابا صدیقی کا قتل لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی کے کہنے پر کیا گیا، ملزمان کا انمول بشنوئی سے رابطہ لارنس بشنوئی کے قریبی ساتھی شبھم لونکر کے ذریعے ہوا کرتا تھا‘۔
اس سے قبل ممبئی پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ’ بابا صدیقی کو گولی مارنے سے قبل شوٹرزا نمول بشنوئی کے ساتھ رابطے میں تھے اور انمول بشنوئی نے ملزم کے ساتھ بات چیت کیلئے اسنیپ چیٹ کا استعمال کیا تھا‘۔
بابا صدیقی کا قتل
یاد رہے کہ 12 اکتوبر کو مہاراشٹرا کے سابق وزیر بابا صدیقی کو باندرہ ایسٹ میں ان کے بیٹے ایم ایل اے ذیشان صدیقی کے دفتر کے باہر قتل کیا گیا۔
دوسری جانب بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے انمول بشنوئی کی گرفتاری کے لیے کسی بھی قسم کی معلومات دینے والے شخص کو 10 لاکھ روپےکا انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
بشنوئی گینگ کی سلمان خان سے دشمنی
واضح رہے کہ سلمان خان پر الزام ہے کہ انہوں نے 1998 میں فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کی شوٹنگ کے دوران راجستھان کے ایک گاو¿ں میں دو نایاب کالے ہرنوں کا شکار کیا تھا اس شکار کیخلاف قانونی کارروائی کے باوجود بشنوئی برادری دبنگ اسٹار کی دشمن بنی ہوئی ہے۔
بالی وڈ اسٹار سلمان خان کی سکیورٹی پر ان کے مداحوں میں تشویش پائی جاتی ہے اور بابا صدیقی کے قتل کے بعد یہ تشویش مزید بڑھ گئی ہے۔
بابا صدیقی کے قتل کے بعد لارنس بشنوئی گروپ نے دھمکی دی تھی کہ جو بھی سلمان خان کی مدد کرے گا وہ ان کے نشانے پر ہوگا، حال ہی میں بدنام زمانہ بھارتی گینگسٹر لارنس بشنوئی نے دیرینہ دشمنی ختم کرنے کے لیے سلمان خان سے بھاری رقم کا مطالبہ بھی کیا۔