وزیر داخلہ کا چیئرمین پی ٹی آئی سے رابطہ، دھرنے یا ریلی کی اجازت دینے سے انکار

اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے رابطہ کرکے انہیں دھرنے یا ریلی کی اجازت نہ دینے سے آگاہ کردیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر سے رابطہ کیا ہے اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کی روشنی میں ان کے ساتھ موجودہ صورت حال پر گفتگو کی ہے۔
محسن نقوی نے بیرسٹر گوہر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ہم اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے پابند ہیں۔ کسی جلوس، دھرنے یا ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے۔
وفاقی وزیرداخلہ نے بیرسٹر گوہر کو بیلاروس کے صدر کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے 80 رکنی وفد کی 24 سے 27 نومبر کی مصروفیات و تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بیلاروس کا اعلیٰ سطح کا وفد 24 نومبر کو اسلام آباد پہنچ رہا ہے جب کہ صدر بیلاروس 25 نومبر کو پاکستان پہنچیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ بیلاروس کا وفد 27 نومبر تک اسلام آباد میں رہے گا۔ بیرسٹر گوہر نے وفاقی وزیر داخلہ کے ساتھ گفتگو میں بتایا کہ وہ اس حوالے سے پارٹی میں مشاورت کے بعد حتمی رائے سے آگاہ کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں