Buy website traffic cheap


جعلی بینک رسید پر اشیا آن لائن خریدنے والا پکڑا گیا

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سائٹ سپرہائی وے انویسٹی گیشن پولیس نے شہریوں سے لاکھوں روپے کی جعل سازی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ملزم انتہائی مہارت اور چالاکی سے آن لائن خرید و فروخت کی ویب سائٹ کے ذریعے شہریوں کو جعلی بینک رسید کی مدد سے بے وقوف بنا کر ان سے قیمتی اشیا خرید کر غائب ہو جاتا تھا ، ملزم کی گرفتاری کے بعد 10 سے زائد تھانوں کی پولیس نے انویسٹی گیشن افسر سے رابطہ کیا ہے جبکہ متعدد مقدمات کے مدعیوں نے بھی ملزم کو شناخت کرلیا ،سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے تفتیشی افسر عمر حیات نے بتایا کہ ملزم یامین کو پولیس نے گلشن معمار موڑ کے قریب سے گرفتار کر کے نائن ایم ایم پستول ، نصف درجن سے زائد موبائل فونز اور گاڑی برآمد کی تھی۔

انھوں نے بتایا کہ ملزم آن لائن خرید و فروخت کی ویب سائٹ پر کئی شہریوں کے ساتھ جعلسازی کے ذریعے قیمتی اشیا خرید کر فرار ہو جاتا تھا ، ملزم زیاد تر ویب سائٹ پر قیمتی گھڑیوں ، زیورات اور مہنگے موبائل فون کے اشتہار پر شہریوں سے رابطہ کرتا تھا اشیا خریدنے سے قبل آن لائن ادائیگی کی رسید انھیں واٹس ایپ کرنے کے بعد مذکورہ اشیا لے کر رفو چکر ہوجاتا تھا جبکہ موبائل فون سم نکال کے بند کر دیتا تھا۔

ملزم شہریوں کو حساس ادارے اور ججز کے نام پر رعب میں لینے کی کوشش کرتا تھا اور اپنے تعلقات و رشتے داری اہم شخصیات سے بتاتا ہے ، تفتیشی افسر عمر حیات کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم انتہائی شاطر ہے اور اس نے چالاکی کے ساتھ شہریوں کو لاکھوں روپے مالیت کا چونا لگایا ہے جبکہ شہریوں کی جانب سے بھی پولیس سے مسلسل رابطہ کیا جا رہا ہے۔