Buy website traffic cheap


بابر اعظم نے کمزورحریف سے ہار کو تکلیف دہ قرار دیدیا

لاہور: بابر اعظم نے کمزور ترین حریف سے ہارکو تکلیف دہ قرار دے دیا۔دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں زمبابوے سے شکست کے بعد بابر اعظم سے سوال کیا گیا کہ جنوبی افریقہ میں 200سے زائد کا ہدف بھی حاصل کرلیا،اب ایک کمزور ٹیم کے مقابل 119رنز بھی نہیں بنا سکے،اس کی کیا وجہ تھی۔

جواب میں انھوں نے کہا کہ یہ شکست بڑی تکلیف دہ ہے، گرین شرٹس کو یکطرفہ فتح حاصل کرنا چاہیے تھی،ہم نے بہت ہی خراب کرکٹ کھیلی، ہماری مڈل آرڈر بیٹنگ مشکلات کا شکار ہے

مگر اس میچ میں تو پوری بیٹنگ لائن ہی متزلزل ہوگئی، اوپنر رنز نہیں کرسکے، بعد ازاں دیگر بیٹسمین بھی وکٹیں گنواتے رہے، پورا بیٹنگ یونٹ ہی لڑکھڑا گیا، زمبابوے کے بولرز کو بھی کریڈٹ دینا چاہیے کہ انھں نے سیریز میں زبردست کم بیک کرتے ہوئے اپنی کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔

ایک سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ پچ میں ڈبل پیس تھا لیکن یہ اتنی مشکل نہیں اور پہلے میچ جیسی ہی تھی، بطور پروفیشنل بیٹنگ لائن کو ہر طرح کی کنڈیشنز میں پرفارم کرنا چاہیے،انھوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں زیادہ وقت باقی نہیں رہا

ہمیں بہت جلد بیٹنگ میں مسائل کا حل تلاش کرنا ہوگا، مڈل آرڈر کو قدموں پر کھڑا کرنے کی کوشش کریں گے،کوشش ہوگی کہ اگلے میچ میں بہتر کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترتے ہوئے رنز بنائیں اور اچھا مجموعہ حاصل کریں۔