Buy website traffic cheap

میراملتان،میرے خواب اور قاضی نوید ممتاز

محبوب عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

تحریر :مجیداحمد جائی ملتان 03017472712
مدحت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر قلم اُٹھانا کوئی معمولی اعزاز نہیں ۔بارگارِنبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں حاضری لگوانے کا ایک عاجزانہ انداز ہے پھر جب بارگاہ ِایزدی سے قبولیت کا پروانہ مل جائے تو سونے پے سہاگہ ہے ،ان قلم کاروں میں روحان دانش نے بھی بتوفیق ایزدی جسارت کی ہے ۔
درج بالا اقتباس ”محبوب عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم “کتاب پر پروفیسرخالد محمودکے اظہار خیال سے لیا گیا ہے ۔روحان دانش کتنا خوش بخت ہے کے مدحت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر کتاب لکھنے کا اعزازاس کے ماتھے کا جھومر بن گیا ہے ۔لکھاری نے قلم اٹھایا بھی تو پہلا انتخاب ہی کل کائنات کی عظیم ہستی پر اور آپ کی پہلی کتاب ”محبوب عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم “وجود پاکر شہرت پا گئی یقینا یہ مدینے والے کی دربار سے قبولیت پاچکی ہے تبھی تو ہر طرف اس کے چرچے ہو رہے ہیں ۔پچھلے دِنوں ”محبوب عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم “ کی ٹی ہاوس میں تقریب رونمائی ہوئی تو ملتان شہر کے باسی ہی نہیں پاکستان کے کونے کونے سے لوگ اس میں شرکت کرنے کی سعادت حاصل کر گئے ۔ایسا کم ہی ہوتا ہے کے ٹی ہاوس کا ہال آنے والوں سے مکمل طور پر بھر جائے ۔یہ اعزاز بھی روحان دانش اپنے نام کر گئے ہیں روحان دانش کل کائنات کے محبوب پہ ”محبوب عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم “لکھ کر خوش بخت ،خوش نصیب اور قبول نظر ہو گئے ہیں ۔ایسے اعزاز بہت کم ہی لوگو ں کے حصے میں آتے ہیں ۔روحان دانش یوں بھی قبول نظر ہے کے اس کتاب کا خاکہ مسجد نبوی کے احاطے میں بُنا گیا ہے ۔
ہر تحریر شخصیت کی آئینہ دار ہوتی ہے اور میں پورے وثوق سے کہہ سکتا ہوں کے روحان دانش مذہبی افکار رکھتا ہے ۔اس کے قول و فعل اسوہ حسنہ کی پیروی کرتے ہیں ۔مسکراہتی شخصیت کا مالک ،دھیمی گفتار کرتا ہے ،علم کا سمندر اپنے اندر موجزن رکھتا ہے ۔
”محبوب عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم “بچوں اور بڑوں کے لیے لکھی گئی خوبصورت اور معیاری کتاب ہے ۔اس کا اسلوب سادہ اور عام فہم ہے ۔واقعات کو کہانی کے انداز میں لکھا گیا ہے ۔ایک طرح سے یہ کتاب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی کا احاطہ کرتی ہے اور مختلف واقعات کو پیش کرتی ہے ۔اس میں شامل تحریریں پڑھتے ہوئے بندہ خود کو مدینے اور مکہ مکرمہ کی گلیوں میں پاتا ہے ۔
”محبوب عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم “کی اشاعت مئی 2020ءمیں ہوئی ہے ۔کرن کرن روشنی نے خاص اہتمام کے ساتھ اسے شائع کیا ہے اس کی قیمت 200روپے ہے ۔یہ کتاب ہر لحاظ سے معیاری ،شاندار اور اعلیٰ اسلوب لیے ہوئے ہے ۔میں خود کو خوش نصیب تصور کرتا ہوں کہ اس کا لفظ لفظ میری انگلیوں سے نکل کر دل و دماغ کو متاثر کر گیا ہے ۔میرے ہاتھوں کی انگلیوں نے ایک ایک لفظ چوم کر پیا ہے ۔ آنکھوں نے سرور پایا ہے اور دل نے اطمینا ن اور سکون حاصل کیا ہے ۔میں روحان دانش کا شکر گزار ہوں کے انہوں نے اس کی کمپوزنگ مجھ سے کرواکر مجھے یہ اعزاز بخشا ہے ۔حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے غلاموںکی فہرست میں ہمارا نام بھی جگہ پا جائے اور یہ کتاب میرے لیے ذریعہ نجات بن جائے گی ان شاءاللہ۔
محبوب عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انتساب بصد عقیدت محبوب ِعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نام کیا گیا ہے ۔روحان دانش قلمی نا م ہے اصل نام روحانی شیر انصاری ہے ۔ایم ایس سی ریاضی کرکے لکھاری بطور استاد بچوں کی تعلیم وتربیت کر رہا ہے ۔یہ بھی خوش بختی ہے کے نسل نو کی تعلیم و تربیت کے لیے چُنا گیا ہے ۔اُستاد ہی وہ ہستی ہے جو معاشرے کو سدھارتا اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار اد ا کر قوم کے معمار پیدا کرتا ہے ۔روحان دانش بہت اچھا کالم نگار بھی ہے اور سماجی ،علمی ،مذہبی اور معاشرتی کالم لکھتا رہتا ہے ۔اس کتا ب کے پیش لفظ میں لکھاری لکھتا ہے ”ایک عرصے سے دل میں خواہش تھی کہ پیغمبر اسلام ،سرور دوعالم اور نبی آخرالزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طبیہ پر لکھوں کہ مجھ حقیر کا نام بھی محبوب رب العالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے غلاموں کی سعید فہرست میں کہیں جگہ پا جائے ،سو اپنی کم علمی کے باوجود اسی شوق ِجنوں میں لکھنے کا آغاز کیا ،اس میں جو اچھائی و خوبی ہے وہ خالصتاًمیرے اللہ کا فضل ہے اور جو کوتاہی ہے وہ میری کم علمی کے سبب ہے مگر اپنے رب سے اُمید ہے کہ وہ اپنے اس ادنی بندے کی محبت کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور اسے میرے گناہوں کو مٹانے اور میری بخشش کا ذریعہ بنا دے اور اس کتاب ”محبوب عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم “سے بڑوں کو بالعموم اور بچوں کو بالخصوص فائدہ پہنچائے ۔آمین
علی عمران ممتاز لکھتے ہیں ”روحان دانش عاشق رسول ہے جو نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت میں خود کو خوش نصیب انسان سمجھتے ہیں ۔اسی لیے روحان دانش نے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں کہانیوں کی صورت میں محبوب عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نام سے کتاب لکھ دی ہے عشق میں محبوب کی تعریف جتنی لکھی جائے کم ہے ،روحان کے حصے میں یہ سعادت آئی ہے تو وہ خوشی سے سرشار ہے ۔“
”محبو ب عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم “سترہ کہانیوں کا مجموعہ ہے ۔98صفحات پر مشتمل یہ کتاب سفید کاغذ پر خوبصورتی اور نفاست سے شائع کی گئی ہے ۔اس کتاب کی کہانیوں کے عنوان ہی غوروفکر کرنے کی دعوت دیتے ہیں اور آقا دو جہان صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طبیہ کی پیروی کرنے کی دعوت دیتے ہیں جیسے ”بیت اللہ کا مالک ،اسماعیل کا کنواں ،اُمت کا نبی ،مبارک بچہ ،روشن چہرہ،سید العالمین ،ابو القاسم ،الامین ،وہ منتظر تھے ،مہمان رب کائنات ،ہر ن کی شہادت،محبو ب عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ،جسے اللہ رکھے ،صاحب قریش ،دستک ،بدلہ اور عظیم دن ۔
کتاب کے بیک فلاپ پر ملتان دھرتی کے نامور ادیب ،کالم نگار سجاد جہانیہ ”محبوب عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم “کے بارے لکھتے ہیں ”یہ کتاب اذہان و قلوب کو منور کرنے والی کتاب ہے جسے روحان دانش نے جناب ِرسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دور ِبے مثل کو بنیاد بنا کر لکھا ہے ۔یہ کتاب تاریخ اور فکشن کا باہمی امتزاج ہے ۔فکشن اور تاریخ کے ملے جلے انداز کی بنا پر مضامین کی دلچسپی بڑھ گئی ہے ۔نوجوان طلبا ءطالبات کے لیے ”محبوب عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم “کا مطالعہ یقینا ایک دل چسپ اور خوش گوار تجر بہ ہو گا۔
اللہ تعالیٰ روحان دانش کے علم و عمل میں مزید برکتیں عطا فرمائے اور یہ اپنے قلم سے ہیرے موتی صفحہ قرطاس پر پھیلاتا رہے آمین ۔