Buy website traffic cheap

بینظیربھٹو

محترمہ بینظیربھٹو شہید کی گیارہویں برسی آج منائی جارہی ہے

لاہور(ویب ڈیسک): سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیربھٹو کی گیارہویں برسی منائی جارہی ہے. اس سلسلے میں جنوبی پنجاب کے شہروں ملتان،ڈیرہ غازی خان،مظفر گڑھ،کوٹ ادو،بہاولپور،خانیوال،میاں چنوں،کبیروالا،جہانیاں،ٹھٹھہ صادق آباد،دنیا پور،لودھراں،وہاڑی سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام تعزیتی اجتماعات اور مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی جس میں محترمہ بے نظیر بھٹو شہیدکے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی جائے گی اس موقع پر پیپلز پارٹی کے کارکن،سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے ارکان شرکت کریں گے ۔مرکزی تقریب گڑھی خدابخش لاڑکانہ میں ہو گی جس میں شرکت کیلئے جہانیاں سمیت جنوبی پنجاب سے بھی قافلے روانہ ہو چکے ہیں۔واضح رہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کو 27دسمبر 2007ء کو اس وقت شہید کر دیا گیا جب وہ لیاقت باغ راولپنڈی میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کے بعد اپنی گاڑی میں بیٹھ کر واپس اسلام آباد جا رہی تھیں۔محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ان کے بیٹے بلاول بھٹو زرداری کو ان کا سیاسی وارث بنایا گیا ہے۔اس موقع پر حکومت سندھ کی جانب سے صوبے میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ، بے نظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر مرکزی تقریب گڑھی خدابخش میں ہوگی جس سے پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئر مین آصف علی زرداری سمیت اہم پارٹی رہنما خطاب کریں گے ، اس موقع پر پیپلزپارٹی کی جانب سے مستقبل کے حوالے سے اہم فیصلوں کااعلان کرنے کی توقع بھی کی جارہی ہے جو ملکی سیاست کی تاریخ میں ہلچل کا باعث ہوسکتے ہیں۔