Buy website traffic cheap

Bilawal Bhutto, PTI, IMF, Inflation, Protest

بلاول بھٹو کا مہنگائی کیخلاف تحریک شروع کرنے کا اعلان

لاہور(ویب ڈیسک): چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مہنگائی کیخلاف مارچ میں تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پچاس لاکھ گھروں کا وعدہ کرنے والے ایک بھی نہیں بنا سکے، الٹا لاکھوں افراد سے چھت چھین لی، ‘’پی ٹی آئی ایم ایف’’ بجٹ سے غربت اور بیروزگاری بڑھی، عوام کا جینا دوبھر ہو گیا۔

بلاول بھٹو کا کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مطالبہ کرتا ہوں حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ دوبارہ مذاکرات کرے۔ آئی ایم ایف پیکج میں پاکستان اور عوام کے حقوق پر سودے بازی نہیں ہونی چاہیے۔ حکومت کو پاکستان کے حق میں پیکج لینا پڑے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت غریب عوام سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام چھین رہی ہے۔ وزیراعظم نے ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن ایک سال میں روزگار چھینا اور لاکھوں گھر گرائے گئے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مہنگائی کا بوجھ غریب عوام اٹھا رہے ہیں۔ حکومت عوام کے معاشی حقوق چھیننے کی کوشش کر رہی ہے۔ عوامی حکومت بنانے کے لیے مجھے آپ کا ساتھ چاہیے۔ انشاء اللہ ہم عوامی حکومت بنا کر مسائل کو حل کریں گے۔ ہم عوام کے معاشی حقوق کا دفاع کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بجٹ کے دوران ہی کہہ دیا تھا کہ یہ ‘’پی ٹی آئی ایم ایف’’ بجٹ ہے۔ اس کی وجہ سے مہنگائی، بے روزگاری اور غربت میں اضافہ ہوا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ کو اس کا جائز حق نہیں دے رہی لیکن کم وسائل اور سازشوں کے باوجود ترقیاتی منصوبے مکمل کریں گے۔ ہم سب مل کر اربن فارسٹ منصوبے کو کامیاب بنائیں گے۔