Buy website traffic cheap


گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانےآئینی ترمیم کیلئے بل تیار

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے سے متعلق آئین میں ترمیم کے لئے باضابطہ بل تیار کرلیا۔ گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے سے متعلق مجوزہ ترمیمی بل کا عنوان26ویں آئینی ترمیم بل2021 ہوگا، جس میں آئین پاکستان کے آرٹیکل 51 ، 59، 106 ، 175A، 198، 218 ، 240 اور 242 میں ترامیم کی تجاویز شامل ہیں، اس میں آرٹیکل 258A اور 264A کے نام سے مزید 2 شقوں کا اضافے کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

مجوزہ ترمیمی بل میں چیف کورٹ گلگت بلتستان کو ہائی کورٹ گلگت بلتستان کا نام دینے کی تجویز دی ہے، جب کہ سپریم اپیلٹ کورٹ گلگت بلتستان کو ختم کیا جائے گا۔ ہائی کورٹ گلگت بلتستان کے ججز کی تعداد 5 ہی رہے گی اس میں مزید اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ گلگت بلتستان الیکشن کمیشن کو ختم کیا جائے گا تاہم اس کے ایک رکن کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کا ممبر بنایا جائے گا۔ موجودہ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کو اس کی مدت ختم ہونے تک الیکشن کمیشن آف پاکستان کا رکن برقرار رکھا جائے گا۔

آئین میں مجوزہ 26 ویں ترمیم کے تحت مجوزہ ترمیمی بل میں گلگت بلتستان اسمبلی میں نشستوں کی تعداد 33 ہی برقرار رکھنے کی تجویز دی ہے، جس میں سے24 جنرل، 6 خواتین جبکہ 3 ٹیکنوکریٹس کی نشستیں ہوں گی۔ گلگت بلتستان کو قومی اسمبلی میں 4 نشستیں دینے کی تجویز دی ہے جس میں سے 3 جنرل نشستیں جب کہ خواتین کے لئے 1 نشست رکھنے کی تجویز دی ہے۔

گلگت بلتستان کو سینیٹ میں بھی 4 سیٹیں دینے کی تجویز پیش کی تھی جس میں 2 جنرل سیٹیں، ایک خواتین کی اور ایک ٹیکنوکریٹ کی نشست شامل ہے۔ سینیٹ میں گلگت بلتستان کی نمائندگی کے حوالے سے وزیراعلی گلگت بلتستان و وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے عدم اتفاق کرتے ہوئے دیگر صوبوں کے برابر نمائنددگی دینے کی بات کی ، جس پر اتفاق نہ ہونے پر یہ تاکید کی کہ سینیٹ میں گلگت بلتستان کو 8 جنرل، 1 خواتین اور 1 ٹیکنوکریٹ کی نشست دی جائے تاہم زرائع کا کہنا ہے کہ اس پر وزیراعظم سے وزیر اعلی خالد خورشید کی مشاورت کے بعد یہ اتفاق ہوا کہ گلگت بلتستان کو سینیٹ میں 8 سیٹیں دی جائیں۔

مجوزہ ترمیم کے ذریعے آئین میں شق 258 A شامل کی جائے گی ، جس میں کہا جائے گا گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنایا جاتا ہے، اس شق میں واضح کیا جائے گا کہ پاکستان اپنے اصولی موقف پر قائم ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے عوام جمہوری طریقہ کار کے ذریعے آزادانہ و شفاف استتصواب رائے کے زریعے اپنا حق خودارادیت حاصل کرے گا۔