Buy website traffic cheap


لاہور کے علاقے جوہر ٹاون میں دھماکے سے 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

لاہور: جوہر ٹاون میں ہونے والے دھماکے میں 3 افرد جاں بحق اور 14 افراد زخمی ہوگئے۔ لاہور کے علاقے جوہر ٹاون میں دھماکا ہوا ہے، دھماکے اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز میلوں دور تک سنائی گئی جب کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور آس پاس کھڑی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا، اور دھماکے کی جگہ پر آگ لگ گئی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے سے 3 گاڑیاں اور 3 موٹر سائیکلیں مکمل طور پر اور ایک رکشہ جزوی تباہ ہوگیا، اور ممکنہ طور پر یہ بم دھماکا تھا، تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ دھماکا خیز مواد کہاں نصب تھا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہے، جب کہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کردیا ہے اور عوام کو جائے وقوعہ کی جانب جانے سے روک دیا گیا ہے۔
دھماکا کیسے ہوا؟ عینی شاہد خاتون نے بتادیا

دوسری جانب ایک عینی شاہد خاتون نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ آج صبح سے گلی کے باہر ایک نامعلوم موٹرسائیکل کھڑی تھی، اور دھماکا خیز مواد اسی میں رکھا گیا تھا، کیوں کہ دھماکے کے بعد موٹرسائیکل کے پرخچے اڑ گئے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں اب تک 3 افراد جاں بحق اور 14 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کیا جارہا ہے، زخمیوں میں 5 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا جوہر ٹاون میں دھماکے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دھماکے کے ذمہ داروں کو فی الفور قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

وزیراعلی عثمان بزدار نے جناح اسپتال اور دیگر اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کے علاج معالجے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔