Buy website traffic cheap


ٹوٹی ہوئی ہڈیاں ،اگانے والی پروٹینی پٹی تیار

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹوٹی ہوئی ہڈی کو اب نئے سرے سے اگایا جاسکے گا ،کنگز کالج لندن کے سائندانوں نے پروٹین اور اسٹیم سیل پر مشتمل ایک ایسی پٹی تیار کی ہے جس کے ذریعے سے ٹوٹی ہوئی ہڈیاں دوبارہ اگائی جاسکیں گی حیران کن یہ بھی ہے کہ ہنڈی کی افزائش کے ساتھ ساتھ مریض کو تیزی کے ساتھ صحت یاب بھی کرتی ہے ۔اس انقلابی طریقے سے ہڈیوں کے علاج کا ایک نیا دور شروع ہوسکے گا۔ نیچر مٹیریلز میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق ایک بایومٹیریل پر اسٹیم سیل اور ہڈی کے خلیات کا لیپ کیا گیا اور جب اسے ٹوٹی پھوٹٰی ہڈی پر لگایا گیا تو اس سے ہڈیاں تیزی سے ٹھیک ہونے لگیں۔

اس طرح شدید حادثوں کے بعد ہڈی کے ٹھیک نہ ہونے والے زخم بھرے جاسکیں گے بلکہ انفیکشن کا خطرہ بھی ٹل جائے گا۔ اس میں ایک خاص قسم کے حیاتیاتی مادے (بایومٹیریل) کو پروٹین سے ڈھانپا گیا۔ یہ پروٹین پورے جسم کی افزائش اور مرمت کے لئے استعمال ہوتا ہے۔

تجربات سے معلوم ہوا کہ یہ ہڈیوں کی قدرتی افزائش کو تیزترکردیتا ہے۔ اس موقع پر اسٹیم سیل (خلیاتِ ساق) بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں اور یوں مرمتی عمل تیز ہوجاتا ہے۔ مریض کو دیر تک ہسپتال میں نہیں رکنا پڑے گا جبکہ بالخصوص بوڑھے لوگوں کو اس سے بہت فائدہ ہوگا۔

فی الحال ہڈیوں کی مرمت کے لئے مصنوعی پیوند یا عطیہ کندگان کی بافتیں (ٹشوز) لگائی جاتی ہے۔ اس عمل میں ٹوٹ پھوٹ کو ٹھیک کرنے کے لئے کسی دوسرے کی ہڈی کے خلیات لگانے پڑتے ہیں۔ یہ عمل کبھی کامیاب ہوتا ہے تو کبھی خاطر خواہ نتائج نہیں ملتے۔

اگرچہ خلیات سے ٹوٹی ہڈی کی بحالی کا تصور بہت پرانا ہے لیکن کئی صورتوں میں یا تو خلیات مرجاتے ہیں یا پھر طویل صحتیابی میں کوئی کردار ادا نہیں کرپاتے۔ لیکن ہڈی نما پٹی لگانے سے پروٹٰین اور اضافی اسٹیم سیل پوری ہڈی میں سرایت کرجاتے ہیں اور یہ عمل تیز تر ہونے لگتا ہے۔