Buy website traffic cheap


قیدیوں کی رہائی کے بعد سے ڈکیتیاں بڑھ رہی ہیں:چیف جسٹس

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کےلیے قیدیوں کی رہائی کے بعد سے ڈکیتیاں بڑھ رہی ہیں۔

سپریم کورٹ میں کورونا وائرس کے باعث قیدیوں کی رہائی کیخلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ کس قانون کے تحت ملزمان اور مجرموں کو ایسے رہا کیا جا سکتا ہے، ایسا نہیں ہو سکتا کہ کوئی خود کو بادشاہ سمجھ کر حکم جاری کرے، ملک میں جو بھی کام کرنا ہے قانون کے مطابق کرنا ہوگا، اسلام آباد ہائی کورٹ کا قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ قانون کے مطابق نہیں، سندھ ہائی کورٹ میں بھی کسی بادشاہ نے شاہی فرمان جاری کیا، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے چار سطروں کی مبہم پریس ریلیز جاری کی، جس سے کتنے ہی قیدیوں کو رہائی ملی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ جب سے ہائی کورٹ سے ضمانت ہوئی ڈکیتیاں بڑھ رہی ہیں، کورونا مریض کی چیکنگ کے نام پر ڈاکو گھروں کا صفایا کر رہے ہیں، کراچی میں ملزمان کی ضمانت ہوتے ہی ڈکیتیاں شروع ہو گئی ہیں، ڈیفنس کا علاقہ ڈاکوؤں کے کنٹرول میں ہے، وہاں رات کو تین بجے ڈاکو کورونا مریض کے نام پر آتے ہیں،، ان حالات میں جرائم پیشہ افراد کو کیسے سڑکوں پر نکلنے دیں؟ ان کا کوئی مستقل ٹھکانہ بھی نہیں ہوتا، ملزمان کو پکڑنا پہلے ہی ملک میں مشکل کام ہے اور پولیس کورونا کی ایمرجنسی میں مصروف ہے۔