Buy website traffic cheap

chip in brain

دماغ میں مائیکرو چپ لگا کر یادداشت بڑھانے کا کامیاب تجربہ

نیو یارک (ویب ڈیسک )امریکی ریاست مینیسوٹاکے میو ہسپتال میں ایک مریض کے دماغ میں سرجری کے ذریعے یادداشت بڑھانے کی خاطر مائیکرو چپ لگانے کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔ مائیکرو چپ لگانے سے قبل مریض سے بارہ الفاظ دہرانے کے لیے کہا گیا لیکن وہ صرف تین یاد رکھ سکا۔ میموری چپ لگانے کے بعد اس کی یادداشت کا دوبارہ ٹیسٹ لیا گیا تو اس نے فوراً بارہ کے بارہ الفاظ دہرا دئیے۔ یہ آلہ پنسیلیوینیا یونیورسٹی کے پروفیسر مائیکل کہانا کی ایجاد ہے۔ مائیکل کہانا کے مطابق ہم مریض کے دماغ میں مختلف سینسرز لگا دیتے ہیں جو دماغ سے نکلنے والے الیکٹریکل سگنلز کو مانیٹر کرتے ہیں۔ ان سگنلز کی مدد سے یہ آلہ یادداشت سے متعلقہ مواد تلاش کر کے واپس دماغ کو بھیجتا ہے۔ یہ بالکل اسی طرح ہے جیسے موسمیات کے ماہرین فضا میں مختلف سینسرز لگا دیتے ہیں جو فضا میں نمی اور ہوا سے متعلق ڈیٹا حاصل کر لیتے ہیں۔کیس سٹڈیز کے مطابق اس چپ کی مدد سے ٹیسٹ کے دوران مریضوں کی یادداشت 15سے37 فیصد تک بہتر ہوئی۔گزشتہ پانچ برس کے دوران امریکی ایڈوانسڈ ریسرچ پراجیکٹس ایجنسی یادداشت کی بحالی پر مبنی ٹیکنالوجی اور تحقیق پر 77ملین ڈالر خرچ کر چکی ہے۔ امریکہ میں یہ ٹیکنالوجی بنیادی طور پر دماغی چوٹوں کے باعث زخمی ہزاروں امریکی فوجیوں کے لیے وضع کی گئی ہے تاہم امریکہ میں ایک سٹارٹ اپ انکیوبیٹر اس ٹیکنالوجی کو مارکیٹ میں کمرشل بنیادوں پر متعارف کروانے کے لیے کام کر رہا ہے۔