Buy website traffic cheap


مریم نواز کے انکشافات پر تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم

اسلام آباد: وزارت اطلاعات و نشریات نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے انکشافات پر تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کردی۔

گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پریس کانفرنس میں اعتراف کیا تھا کہ چینلز کے اشتہارات روکنے سے متعلق آڈیو میری ہی ہے، جس پر وفاقی وزرا کا شدید رد عمل سامنے آیا تھا۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز کا اشتہارات کنٹرول کرنے کا اعتراف سنگین مالی بے ضابطگیوں کا ایک اور اعتراف ہے، امید ہے وہ بیرون ملک جائیدادوں کا بھی اعتراف کرلیں گی۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ مریم نواز کس حیثیت میں عوام کے ٹیکس سے دیے جانے والے اشتہارات کو اپنے ذاتی مفاد اور چوری کے تحفظ کے لیے استعمال کر رہی تھیں، میڈیا کی آزادی پر ان کی منافقت کھل کر سامنے آگئی ہے۔

اب وزارت اطلاعات و نشریات نے مریم نواز کے انکشافات پر تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کردی ہے۔ تحقیقاتی کمیٹی ن لیگ کے دور حکومت میں میڈیا کو جاری کئے جانے والے اشتہارات میں بے ضابطگیوں اور میڈیا سیل کے ذریعے من پسند صحافیوں اور مختلف میڈیا گروپس کو نوازنے سے متعلق اپنی رپورٹ مرتب کرے گی۔