Buy website traffic cheap


کورونا وبا،فوج کے تمام ہسپتال عوام کیلئے کھولے جائیں،جسٹس فائز

 اسلام آباد: سپریم کورٹ کے فاضل جج جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا ہے کہ کورونا کے باعث ملک کے تمام سرکاری اور افواج پاکستان کے اسپتال عوام کے لئے فوری کھولے جائیں۔

کورونا کا شکار جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے اسپتال سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مجھے اور میری اہلیہ کو کورونا ویکسین مکمل لگ چکی ہے، تمام احتیاط کے باوجود ہم دونوں ڈیلٹا ویرینٹ کا شکار ہوئے، وباء کے دوران احتیاط کے حوالے سے اسلامی احکامات واضح ہیں، بدقسمتی سے سماجی فاصلے کی پابندی پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، عید الاضحی کی نماز کے دوران بھی ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوئی، فیصل مسجد میں لوگوں نے کندھے سے کندھا ملا کر نماز ادا کی۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ زندگی سب کا بنیادی حق اور صحت اس کا اہم ترین حصہ ہے، آئین کا آرٹیکل 9 زندگی کے تحفظ کا ضامن ہے، وباءسے نمٹنا ہماری مشترکہ قومی ذمہ داری ہے، کورونا کے دوران حالات کسی جنگ سے کم نہیں، تمام سرکاری اور افواج پاکستان کے اسپتال عوام کے لئے فوری کھولے جائیں، طبقاتی تفریق کہیں عوام کے جانی نقصان کا باعث نہ بن جائے، ٹی وی اور ریڈیو پر کورونا ماہرین سے عوام کو آگاہی دی جائے۔

واضح رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور ان کی اہلیہ گزشتہ ہفتے کورونا کا شکار ہوئے تھے ، گھر میں دوران علاج ان کی طبیعت خراب ہوئی تھی، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔