Buy website traffic cheap


ملک کے مقتدر حلقوں کو کہتا ہوں کہ جلد انتخابات کرائیں، شیخ رشید

اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ملک کے مقتدر حلقوں کو کہتا ہوں کہ جلد انتخابات کرائیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نااہل حکومت ہم پر مسلط کردی گئی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے خود پر فرد جرم عائد نہیں ہونے دی، اے این ایف کیس میں ملزمان پر وکلاءنے فرد جرم عائد نہیں ہونے دی، جب کہ میرا بھتیجا روز عدالت میں ذلیل و خوار ہورہا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عوام کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ جلد انتخابات ہو رہے ہیں، جے یو آئی اور ن لیگ نے بھی عوام رابطہ مہم شروع کردی ہے، پیپلز پارٹی کے علاوہ تمام جماعتیں انتخابی عوامی رابطہ مہم شروع کرچکی ہیں، ملک کے مسائل کا حل جلد انتخابات ہیں، ملک کے مقتدر حلقوں کو کہتا ہوں کہ جلد انتخابات کرائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف نے 14 مرتبہ فوج اور آرمی چیف پر تنقید کی، گزشتہ روز بھی جنرل فیض کا نام لے کر رگڑا دیا گیا۔