Buy website traffic cheap


پٹرول بحران پیدا ہوا تو ذمہ دار حکومت ہو گی، شہباز شریف

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ پٹرول بحران پیدا ہوا تو ذمہ دار حکومت ہو گی۔

مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے امکان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے فی لیٹراضافے کی اطلاعات تشویشناک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں پٹرول کی ذخیرہ اندوزی کے خدشات ہیں اور حکومت فی الفور مارکیٹ میں پھیلنے والی اطلاعات پر اقدام کرے۔ ملک میں ذخیرہ اندوزی نہ ہونے دی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا آئی ایس آئی سیکریٹریٹ کا دورہ: پیشہ ورانہ تیاریوں پر اظہار اطمینان

شہباز شریف نے کہا کہ عام صارفین کے حقوق کا تحفظ حکومت کی قانونی وانتظامی ذمہ داری ہے اور میں پہلے سے خبردار کر رہا ہوں کہ پٹرول بحران پیدا ہوا تو ذمہ دار حکومت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کی آگ کو مزید تیز کر دے گا۔ روز ایک نیا حادثہ بتاتا ہے کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔ گندم، کبھی آٹا، چینی تو کبھی کھاد اور پٹرول بحران قوم پر نازل ہو رہے ہیں۔