Buy website traffic cheap


جمہوریت کسی ملک کا پیٹنٹ نہیں تمام ممالک کے عوام کا حق ہے، چینی صدر

بیجنگ / جنیوا: چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ نے 21 ستمبر کو ویڈیو لنک کے ذریعے اقوام متحدہ کی 26 ویں جنرل اسمبلی کی عمومی بحث میں ”مضبوط اعتماد کے ساتھ مشکلات پر قابو پاتے ہوئے ایک خوبصورت دنیا کی مشترکہ تعمیر“کے موضوع اہم تقریر کی۔

شی جن پھنگ نے اپنی تقریر میں کہا کہ ایک پرامن ترقی پذیر دنیا میں تہذیب کی مختلف اقسام موجود ہونی چاہئیں اور اسے جدیدیت کے متنوع راستوں سے ہم آہنگ ہونا چاہیے۔

جمہوریت کسی ملک کا پیٹنٹ نہیں بلکہ تمام ممالک کے عوام کا حق ہے۔ بین الاقوامی صورتحال میں حالیہ پیش رفت نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ بیرونی فوجی مداخلت اور نام نہاد جمہوری تبدیلی لامحدود نقصانات کا باعث بنتی ہے۔ ہمیں امن، ترقی، انصاف، جمہوریت اور آزادی پر مبنی بنی نوع انسان کی مشترکہ اقدار کو بھرپور طریقے سے فروغ دینا چاہیے اور چھوٹے حلقے بنانےاور زیرو سم گیم کو ترک کرنا چاہیے۔

چینی صدر شی جن پھنگ نے کہا کہ چین 2030 تک کاربن پیک اور 2060 تک کاربن نیوٹرل حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔ گو کہ اس ہدف کی تکمیل کےلیے سخت محنت درکار ہے لیکن اس کے حصول کےلیے ہم اپنی پوری کوشش کریں گے۔ چین ترقی پذیر ممالک میں سبز اور کم کاربن توانائی کی ترقی کی بھرپور حمایت کرے گا اور بیرون ملک کوئی نیا کول پاور پراجیکٹ نہیں شروع کرے گا۔

شی جن پھنگ نے کہا کہ ایک ملک کی کامیابی کا مطلب یہ نہیں ہے کہ دوسرا ملک ناکام ہوجائے۔ یہ دنیا مکمل طور پر تمام ممالک کی مشترکہ ترقی کی متقاضی ہے۔ ہمیں بغیر کسی تصادم کے بات چیت پر قائم رہنا چاہیے اور ایک نئی طرز کے بین الاقوامی تعلقات تشکیل دینے چاہئیں جو باہمی احترام، انصاف اور باہمی مفادات پر مشتمل تعاون پر مبنی ہوں تاکہ مشترکہ مفادات کو توسیع دی جاسکے۔

چینی صدر شی جن پھنگ نے اپنی تقریر میں زور دیا کہ چینی قوم امن و ہم آہنگی کے تصور کی وارث و پیرو کار ہے۔ ہم نے دوسروں پر حملہ کرنے، دھونس جمانے اور بالادستی قائم کرنے کا عمل نہ تو ماضی میں کیا تھا نہ ہی مستقبل میں ایسا کریں گے۔ چین ہمیشہ سے عالمی امن کا معمار، عالمی ترقی میں معاون، بین الاقوامی نظم و نسق کا محافظ اور خصوصی عوامی مصنوعات کا فراہم کنندہ رہا ہے۔ چین اپنی نئی ترقی سے دنیا کو نئے مواقع فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا