Buy website traffic cheap


ہاتھیوں کے برتاو کو بیان کرنے والی پہلی آن لائن لائبریری تیار

جنوبی افریقہ: دس سالہ محنت کے بعد بالخصوص افریقی ہاتھیوں کی آوازوں کے مطالب اور ان کے رویوں کو سمجھنے کے لیے ایک بہت بڑی ویب سائٹ تیار کرلی گئی۔ایلیفنٹ وائسِس نامی ویب سائٹ پر سائنسی طور پر مستند معلومات رکھی گئی ہیں جہاں ہاتھیوں کے رویوں کی پوری تفصیل ’ایتھنوگرام‘ کی صورت میں رکھی گئی ہے۔ علاوہ ازیں اس بھرپور ویب سائٹ پر ان کی آوازوں اور مطلب کا مکمل ڈیٹا بیس موجود ہے۔

ایک اور جگہ آپ یہ جان سکیں گے کہ آخر ہاتھی ایک دوسرے تک کس طرح پیغام پہنچاتے ہیں۔ ان کا احساس کیا ہوتا ہے جس کا وہ اظہار کرتے ہیں۔ اس طرح ہاتھیوں کے تمام رویوں کو بغور پڑھا اور دیکھا جاسکتا ہے۔

ویب سائٹ کے بائیں جانب ہاتھیوں کی عمر کے حساب سے جسم کے وہ حصے دیکھ سکتے ہیں جو ان کے اظہار میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں جن میں سر اور سونڈ بہت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ویب سائٹ پر دیکھا جاسکتا ہے جب ہاتھی تنہا ہو تو اس کا اظہار کیسے ہوتا ہے اور جب وہ ایک غول کی صورت میں چل رہا ہو تب اس کا رویہ کیسا ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ افریقی ہاتھیوں کو جاننے اور انہیں بچانے کی بہت ضرورت ہے۔ افریقی ہاتھیوں کو ان کے دانتوں کی وجہ سے بے رحمی سے مارا جارہا ہے۔ اگرچہ ہاتھی دانت (آئیوری) کی تجارت پر پابندی عائد ہے لیکن چوری چھپے یہ کام جاری ہے۔ تو ضروری ہے کہ ہاتھیوں کی تحفظ کے لیے اس انتہائی ذہین جانور کو سمجھا جائے۔ ہاتھی بالکل انسانوں کی طرح اپنی خوشی، غم، اداسی، تنہائی اور دکھ کا بہت شاندار اظہار کرتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ یہ ویب سائٹ بھی ہاتھی کی جسامت جتنی ہے جہاں صرف ایک جگہ سیکڑوں آوازیں جمع ہیں۔ 425 تصاویر پر 130 سلائیڈ شوز بھی دیکھی جاسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ تین جگہوں پر آڈیو، ویڈیو، سلائیڈ شو اور رویوں کو الگ سے سرچ کیا جاسکتا ہے۔