Buy website traffic cheap


ٹائپ ٹو ذیابیطس روکنے میں پھلوں کی اہمیت کے مزید شواہد مل گئے

آسٹریلیا: جدید تحقیق سے بات مزید پختہ ہوئی ہے کہ پھلوں کا باقاعدہ استعمال ٹائپ ٹو ذیابیطس کے خطرے کو بہت حد تک کم کرسکتا ہے۔ تحقیق کا لبِ لباب یہ ہے کہ دن میں دو مرتبہ پھل کھانے سے ٹائپ ٹو ذیابیطس کا خطرہ 36 فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔

یہ تحقیق ایڈتھ کووان یونیورسٹی (ای سی یو) کے ماہرین نے کی ہے جس کی تفصیل جرنل آف کلینکل اینڈروکرائنولوجی اینڈ میٹابولزم کی تازہ اشاعت میں پیش کی گئی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ اگر دن میں دومرتبہ پھل کھائے جائیں تو ایک مرتبہ پھل کھانے والوں کے مقابلے میں اس سے جسم میں انسولین کی حساسیت بڑھ جاتی ہے۔

ای سی یو میں غذائی تحقیق سے وابستہ ڈاکٹرنکولہ بونڈونو کہتی ہیں کہ یہ ایک تازہ ثبوت ہے جو ذیابیطس روکنے میں پھلوں کے اہم کردار کو ظاہر کرتا ہے۔ اس طرح قدرت کے تحفے پھلوں کا ایک اور فائدہ سامنے آیا ہے۔

ڈاکٹر ایڈتھ نے بتایا ’ہم نے پھل کھانے اور انسولین کی حساسیت کے درمیان نیا تعلق دریافت کیا ہے یعنی پھل کھانے والوں میں دیگر کی نسبت خون کی شکر گھٹانے کے لیے کم انسولین کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ بہت ضروری بھی ہے کہ کیونکہ خون میں زیرِ گردش انسولین کی زائد مقدار نہ صرف خون کی رگوں کو متاثرکرتی ہے، بلکہ بلڈ پریشر، موٹاپے اور امراضِ قلب کی وجہ بھی بنتی ہے،‘۔

ماہرین نے زوردیا ہے کہ ہرطرح کے پھلوں کو کھایا جائے تاکہ اس سے زائد فوائد حاصل ہوسکیں۔ یہ تحقیق آسٹریلیا میں کی گئی ہے جس میں ہزاروں افراد نے حصہ لیا ہے۔