
رواں مالی سال،برآمدات میں امریکہ سرفہرست رہا
اسلام آباد ( ماینٹرنگ ڈیسک) رواں مالی سال کے دوران 10 مختلف ممالک کو 12.29 ارب ڈالر کی بر آمدات کی گئی ہیں جو مجموعی بر آمدات کے 63.44 فیصد کے مساوی ہیں، جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں پاکستان کی مجموعی بر آمدات کا حجم 19.371 ارب ڈالر رہا ہے۔
اقتصادی تجزیہ کار محی الدین عزیز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ امریکا کو سب سے زیادہ برآمدات کی گئی ہیں جو 3.35 ارب ڈالر رہی ہیں جبکہ اسی عرصہ کے دوران 1.41 ارب ڈالر کی برآمدات کے ساتھ چین دوسرے جبکہ 1.38 ارب ڈالر کے ساتھ برطانیہ تیسرے اور 1.37 ارب ڈالر بر آمدات کے ساتھ متحدہ عرب امارات چوتھے نمبرپر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جرمنی کو 1.11 ارب ڈالر کی بر آمدات کی گئی ہیں۔ اسی طرح ہالینڈ کو 850 ملین ڈالر، افغانستان کو 809 ملین ڈالر، سپین کو 750 ملین ڈالر اور بنگلہ دیش کو 599 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال جولائی تا اپریل مندرجہ بالا 10 ممالک کو 12.29 ارب ڈالرز کی بر آمدات کی گئی ہیں جو مجموعی ملکی بر آمدات19.371 ارب ڈالر کے 63.44 فیصد کے مساوی رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روایتی در آمدی منڈیوں کے ساتھ ساتھ غیر روایتی مارکیٹوں تک رسائی اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی تیاری پر توجہ دے کر قومی بر آمدات میں اضافہ کے اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔