Buy website traffic cheap


ہوا بھرنے اور کھینچنے والا دنیا کا سب سے چھوٹا ایئرپمپ

نیویارک:ہوا بھرنے اور کھینچنے والا دنیا کا سب سے چھوٹا ایئر پمپ، جن گھروں میں ربڑ کے کھلونے اور ہوا بھرنے والی اشیا ہیں وہ انہیں اپنے پھیپھڑوں سے پھلانے کی مشقت سے بخوبی واقف ہیں۔ اب یہ مسئلہ دنیا کے ایک انوکھے اور سب سے چھوٹے ایئرپمپ نے حل کردیا ہے۔”گیگا پمپ ٹو“ دنیا کا سب سے چھوٹا پمپ ہے جو ہوا بھرتا ہے، کھینچتا ہے یعنی یہ ویکیوم پمپ بھی ہے اور سب سے بڑھ کر اس میں ایک طاقتور ٹارچ بھی لگی ہے۔

ایک وقت میں تین ایجادات والا یہ غیر معمولی آلہ روزمرہ زندگی کے کئی کام آسان بناسکتا ہے۔ اس کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ ٹائر میں ہوا بھری جاسکتی ہے۔ کسی شے سے ہوا کو باہر نکالا جاسکتا ہے۔ اس میں لگی ٹارچ تین انداز سے روشن ہوتی ہے۔

اس ایجاد کی جسامت اتنی چھوٹی ہے کہ یہ جیب میں سماسکتا ہے۔ تیزرفتار ہوا پھینکنے کے لیے اس میں پانچ طرح کے نوزل لگائے گئے ہیں جبکہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اسے یوایس بی ٹائپ سی سے چارج کیا جاسکتا ہے اور اس کی بیٹری بھی بڑی دیرپا ہے۔

یہ چھوٹا سا پمپ یوگا چٹائی، کھیلنے کی گیند، تالاب کے ٹائر اور بڑی جسامت کے ہوائی بستروں کو تیزی سے پھلا سکتا ہے۔ جبکہ سفرکرنے والے افراد سامان کی تھیلیوں سے ہوا نکال کر بیگ اور سوٹ کیس میں مزید جگہ بناسکتے ہیں۔ اس کی ٹارچ کو برقی لالٹین کا نام دیا گیا ہے جو ایک گھنٹے 400، ڈھائی گھنٹے تک 160 اور 10 گھنٹے تک 40 لیومن کے برابر روشنی دے سکتی ہے۔

53 ملی میٹر اونچا اور 43 ملی میٹر چوڑا یہ پمپ مکمل طور پر واٹر پروف ہے اور ایک منٹ میں 180 لیٹر کے برابر ہوا خارج کرتا ہے جس کا پریشر 3.5 کے پی اے کے برابر ہے۔ اکتوبر 2020ئ میں اسے کراوڈ فنڈنگ کی مشہور ویب سائٹ ”انڈی گو گو“ پر لانچ کیا گیا تھا اور اب ضروری رقم مکمل ہونے کے بعد اسے 34 ڈالر میں فروخت کیا جارہا ہے۔