Buy website traffic cheap


بلوچستان،کورونا سے وفات پانیوالے سرکاری ملازمین شہید قرار

کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان حکومت نے فرائض کی ادائیگی کے دوران کورونا سے وفات پانے والے سرکاری ملازمین کو شہداکی کیٹیگری میں شامل کرکے لواحقین کو شہدا پیکج دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

بلوچستان حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ وزیراعلیٰ جام کمال کی زیر صدارت کورونا وائرس سے متعلق امور کےحوالے سے جائزہ اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں شیخ زید اور فاطمہ جناح ہسپتال کے ڈاکٹروں، طبی عملے اور سکیورٹی اہلکاروں کےلیے مالی مراعات کا اعلان کیا گیا جب کہ ڈیوٹی کی نوعیت کے مطابق ڈاکٹروں، پیرا میڈکس، عملے اور اہلکاروں کو ماہانہ ایک تا تین بنیادی تنخواہیں دی جائیں گی۔

اجلاس میں کہا گیا کہ طبی عملے اور اہلکاروں کو اضافی بنیادی تنخواہوں کی ادائیگی یکم مارچ 2020 سے لاگو ہو گی۔دوسری جانب اجلاس میں اسمارٹ لاک ڈاؤن اوراحتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنےکے باعث وائرس کے پھیلاؤ میں اضافے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے سرکاری ہسپتالوں میں اسمارٹ او پی ڈی کے آغاز کے حوالے سے اقدامات کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں کہا گیا کہ نجی ہسپتالوں اور رجسٹرڈ کلینکس میں او پی ڈی اور علاج معالجہ پر پابندی نہیں تاہم او پی ڈی اور علاج کے دوران حفاظتی تدابیر کی ایس او پی پر عملدرآمد لازم ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے صوبے کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنزر کو ملیریا کنٹرول سپرے کے آغاز کی ہدایت بھی کی۔