Buy website traffic cheap

government officials who approved the Nusla Tower

نسلہ ٹاور کی منظوری دینے والے سرکاری افسران کی بھی شامت آئی

کراچی: سپریم کورٹ نے نسلہ ٹاور کے بلڈنگ پلان کی منظوری دینے والے افسران کے خلاف بڑا حکم سنادیا۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نسلہ ٹاور انہدام کیس کی سماعت ہوئی۔ بلڈنگ پلان کی منظوری دینے والے افسران کے خلاف بڑا حکم آگیا۔

اٹارنی جنرل نے متاثرین کو معاوضہ ادائیگی کے حکم پر عمل درآمد یقینی بنانے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کو نہ بلڈر معاوضہ دے رہا ہے نہ سندھ حکومت، لہذا انہدام کے ساتھ زمین کو بھی تحویل میں لینے کا حکم دیا جائے، نسلہ ٹاور بلڈر نے تاحال معاوضہ ادائیگی کیلئے اقدامات نہیں کیے۔

عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان کی استدعا پر بڑا فیصلہ دیتے ہوئے نسلہ ٹاور کے پلاٹ کو فوری طور پر عدالتی تحویل میں لینے کی ہدایت کردی اور پلاٹ کی واپسی کو معاوضے سے مشروط کر دیا۔

عدالت نے نسلہ ٹاور کو کیس پراپرٹی سے منسلک کرتے ہوئے 780 مربع گز زمین کو ضبط کرنے کا حکم دیا اور پلاٹ پر عدالتی ناظر کو فوری کارروائی کی ہدایت کردی۔

سپریم کورٹ نے نسلہ ٹاور کے بلڈنگ پلان کی منظوری دینے والے افسران کے خلاف بھی محکمہ جاتی اور کریمنل کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ اینٹی کرپشن ان افسران کے خلاف مقدمہ درج کرے۔

عدالت نے نسلہ ٹاور کیس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے ڈی جی اور دیگر افسران کے خلاف فیروز آباد تھانے میں مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی اور اینٹی کرپشن حکام کو بھی ذمہ دار افسران کے خلاف الگ مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی۔