
ہم حضور اکرم کی عزت و حرمت کے لیے مرنے اور کٹنے کو تیار ہیں، مریم اورنگزیب
اسلام آباد: وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بی جے پی رہنماوں کی طرف سے حضور اکرم کی شان میں گستاخی کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہم حضور اکرم کی عزت و حرمت کے لیے مرنے اور کٹنے کو تیار ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ بی جے پی کے رہنماو¿ں کی طرف سے حضور اکرم کی شان میں گستاخی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، بی جے پی کے رہنماو¿ں نے شرپسندی، فتنہ پسندی اور پست ذہنیت کی عکاسی کی، ہم حضور اکرم کی عزت و حرمت کے لیے مرنے اور کٹنے کو تیار ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ حضور اکرم تمام جہانوں اور انسانیت کے لیے مشعل راہ ہیں، ان کی شان میں گستاخی پر آج ہر مسلمان تکلیف اور کرب سے گزر رہا ہے، دفتر خارجہ نے اس مکروہ عمل پر بھارتی ناظم الامور سے بھی احتجاج کیا ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے چار سال اپنے ذاتی مفادات اور دولت کو بڑھانے کے لیے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، پچھلے چار سالوں کے دوران کارٹلز اور مافیا کی جیبیں بھری گئیں اور عوام کی جیبیں خالی کی گئیں، یہ توشہ خانہ کی گھڑی یا بشریٰ بی بی کی انگوٹھی کا معاملہ نہیں ہے، ایک آڈیو لیک بھی آئی ہے جس میں فرح گوگی ڈیل کر رہی ہیں کہ بشریٰ بی بی کو 3 کیرٹ پسند نہیں انہیں 5 کیرٹ کی انگوٹھی پسند ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کام ایک ڈیل کے تحت کیا جا رہا ہے، جس کے عوض بشریٰ بی بی کو پانچ کیرٹ کی انگوٹھی دینا ضروری ہے، عمران خان، بشری بی بی اور فرح گوگی گٹھ جوڑ نے پنجاب اور وفاق کی سطح پر اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا، عوام آٹا، بجلی، گیس کے لئے ترستی رہی، ملک میں کاروبار اور معیشت تباہ ہوتی رہی لیکن یہ لوگ اپنی آمدن میں اضافے میں لگے رہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ بنی گالا میں روحانی عملیات کی بات ہر زبان پر تھی، اصل میں وہاں کرپشن کے عملیات ہو رہے تھے، کسی بھی منی ٹریل کو چیک کریں تو اس کے تانے بانے عمران خان، بشریٰ بی بی اور فرح گوگی سے ملتے ہیں، ٹرانسفرز، تعیناتیاں، پراجیکٹس اور حکومتی معاملات کا کھرا بنی جا کر نکلتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے وزیراعظم آفس کو اپنے ذاتی مفادات کے لیے استعمال کیا، چار سال یہ دوسروں پر الزامات لگاتے رہے، دوسروں کی پگڑیاں اچھالیں اور خود سرکاری وسائل کا غلط استعمال کیا، اپنی چوری اور کرپشن سے نظر ہٹانے کے لیے یہ بیرون سازش کی بات کر رہے ہیں۔