Buy website traffic cheap


اسمبلیوں کی تحلیل اورالیکشن تاریخ کے اعلان تک اسلام آباد میں ہی رہیں گے، عمران خان

پشاور: تحریک انصا ف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ چوروں کا ٹولہ امریکا کے نوکر عوام سے خوفزدہ ہو چکے ہیں، اسمبلیوں کی تحلیل اورالیکشن تاریخ کے اعلان تک اسلام آباد میں ہی رہیں گے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا قافلہ پنجاب کی حدود میں داخل ہو گیا ہے، اس سے پہلے جب قافلہ اٹک پل پر پہنچا توان کے پہنچنے سے پہلے ہی کارکنان پر پولیس نے لاٹھی چارج اور شیلنگ شروع کردی۔ عمران خان نے سوشل میڈیا پر بیان میں کسی قسم کے معاہدے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے ساتھ کسی قسم کی ڈیل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ہم اسلام آباد کی جانب بڑھ رہے ہیں، اسمبلیوں کی تحلیل اورالیکشن تاریخ کے اعلان تک اسلام آباد میں ہی رہیں گے۔

اس سے قبل عمران خان کا قافلہ صوابی ریسٹ ایریا پہنچا جہاں عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چوروں کا ٹولہ امریکا کے نوکرعوام سے خوفزدہ ہو چکے ہیں، غلام حکومت نے ہمارے لوگوں کو گرفتار کیا، اس کے برعکس مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھی لانگ مارچ کر چکے ہیں، مریم نواز بھی لانگ مارچ کرنے نکلی تھیں لیکن ہم نے کسی لانگ مارچ میں خلل پیدا نہیں کیا، ہم پرامن احتجاج کریں گے اور ڈی چوک پہنچیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کارکنان رکاوٹیں ہٹانے کے لیے تیار ہیں اور انہوں نے ہر قسم کی رکاوٹیں ہٹا کر اسلام آباد پہنچنا ہے، ہم ملک کو اکھٹا کرکے آزاد قوم بنائیں گے، مضبوط قوم امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کرے گی، سب نے ملک کو آزاد کرنے کےلیے نکلنا ہے۔اس سے قبل تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پشاور سے روانہ ہونے سے قبل اپنا ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ولی انٹرچینج پہنچ رہا ہوں، سب لوگ ولی انٹرچینج پہنچیں، میری قیادت میں آزادی مارچ اسلام آباد روانہ ہوگا۔