ملک میں کورونا وائرس کا گراف نیچے آنا تسلی بخش ہے، وزیر اعظم

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا گراف مسلسل نیچے آنا تسلی بخش امر ہے اپنے تجربات سے سیکھتے ہوئے انتظامی اقدامات کو مزید موثر بنانا ہوگا۔

کورونا وائرس کی صورت حال کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں وزیرِ اعظم نے کورونا کی روک تھام کے حوالے سے مثبت نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جہاں یہ امر تسلی بخش ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کا گراف مسلسل نیچے آ رہا ہے وہاں ہمیں اس کی روک تھام کے لیے اپنے تجربات سے سیکھتے ہوئے انتظامی اقدامات کو مزید موثر بنانا ہوگا۔

عیدالضحیٰ کے حوالے سے مرتب کی جانے والی حکمت عملی پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ گذشتہ عید کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے عیدا لاضحی کے موقع پر حفاظتی اقدامات اور ایس او پیز پر سختی سے عمل کرایا جائے۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو کورونا کی ملکی و علاقائی صورت حال، اسمارٹ لاک ڈاون حکمت عملی کے مثبت نتائج، ہسپتالوں میں کوویڈ کے لئے درکار سہولتوں سے آراستہ بیڈ ز میں اضافے اور خصوصاً عید الضحیٰ اور محرم میں کورونا کے پھیلاو کو روکنے کے حوالے سے تشکیل دی جانے والی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ اس وقت ملک کے 30 شہروں میں 227مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاون کیا جا رہا ہےجس کے نہایت مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ خطے کے دیگر ممالک کے تجربات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کورونا کی روک تھام کے حوالے سے مکمل لاک ڈاون کی حکمت عملی سے جہاں مطلوبہ نتائج میسر نہیں آئے وہیں معاشی مجبوریوں کی وجہ سے لاک ڈاون اٹھانے کی بدولت کورونا کے پھیلاو اور اموات میں واضح اضافہ ہوا ہے۔اس کے برعکس پاکستان میں سمارٹ لاک ڈاون کی حکمت عملی نہایت موثر رہی ہے۔