Buy website traffic cheap


کورونا کے خاتمے کیلئے بھارت کشمیر سے پابندیاں ختم کرے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان نے کورونا وائرس کے پیش نظر ایک بار پھر کشمیری قیدیوں کی رہائی اور مقبوضہ کشمیر میں پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ہزاروں کشمیری نوجوان، سول سوسائٹی کے ارکان، صحافی اور کشمیری رہنما بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز مقبوضہ علاقے میں غیرقانونی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، سینئر حریت قیادت گھروں یا مختلف جیلوں میں نظربند ہے، حریت رہنما یاسین ملک، آسیہ اندرابی اور دیگر جعلی الزامات کے باعث بھارتی جیلوں میں بند ہیں۔ترجمان کے مطابق 5 اگست 2019 کی بھارتی غیر قانونی کارروائیوں کے بعد مقبوضہ کشمیر میں تمام تعلیمی ادارے بند ہیں جبکہ 9 لاکھ سے زائد بھارتی فوج معصوم کشمیریوں کے مصائب میں مزید اضافہ کررہی ہے۔

دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کورونا کے متعدد تصدیق شدہ کیس اور دو اموات ہوئیں لہٰذا کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بھارت فوری طور پر مقبوضہ کشمیر سے پابندیوں کو ختم کرے اور مقبوضہ وادی میں طبی اور دیگر ضروری سامان تک رسائی کی اجازت دے۔ترجمان نے مطالبہ کیا کہ بھارتی حکومت فوری طور پر جیلوں سے تمام سیاسی قیدیوں کو فی الفور رہا کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل پابندیوں پر تشویش ہے اور پاکستان سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت بھارتی بربریت کے خلاف کشمیریوں کی حمایت کرتا رہے گا۔