Buy website traffic cheap

آئی فون واٹر پروف

آئی فون واٹر پروف کا دعویٰ غلط ثابت ،کمپنی کو ایک کروڑ یورو کا جرمانہ

روم: (ویب ڈیسک) اطالوی حکام نے امریکا کی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی ایپل پر اپنے آئی فون کو بیچنے کیلئے صارفین کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے اس پر ایک کروڑ یورو کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی میں چھپنے والی رپورٹ کے مطابق اطالوی حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایپل کمپنی کا آئی فون واٹر پروف نہیں ہے، اس حوالے سے کمپنی کی جانب سے کیا جانے والا دعویٰ گمراہ کن ہے۔ تاہم ایپل کمپنی کی جانب سے جرمانے کی سزا کے بعد اب تک کوئی ردعمل نہیں دیا گیا ہے۔

اطالوی حکام کا کہنا ہے کہ ایپل کا موقف اٹلی میں صارفین کے حقوق کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ ایپل کا اشتہار گمراہ کن ہے۔ خیال رہے کہ ایپل اپنے آئی فون کے اشتہارات میں دعویٰ کرتا ہے کہ ان کا فون پانی میں چار میٹر تک کی گہرائی میں آدھے گھنٹے رہ کر بھی خراب نہیں ہوگا۔

بی بی سی کے مطابق ایپل کے یہ دعوے ان کے مختلف ماڈلز کے بارے میں کئی برسوں سے چلے آرہے ہیں اور ان کی شروعات آئی فون 8 سے ہوئی تھی اور اس میں آئی فون 11 بھی شامل ہے۔ لیکن کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ یہ دعویٰ صرف تجربہ گاہ میں درست ثابت ہوتا ہے۔