Buy website traffic cheap


میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کی معطلی عدالت میں چیلنج

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے اپنی معطلی کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔

شیخ انصر عزیز نے کرپشن الزامات پر 90 روز کی معطلی کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کرتے ہوئے وفاق، وزارت داخلہ اور لوکل گورنمنٹ کمیشن کو فریق بنایا ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ 17 مئی 2020 کا وزارت داخلہ کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے، اور درخواست پر فیصلے تک نوٹیفکیشن معطل کر کے بطور میئر کام کرنے کی اجازت دی جائے۔

معطل میئر اسلام آباد نے کہا کہ میرے خلاف کی گئی کارروائی غیرقانونی ہے، عدالت فریقین کو ہدایت دے کہ قانون کے دائرے میں رہ کر کام کریں اور کام کرنے دیا جائے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے کابینہ کی منظوری کے بعد میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کو انٹرسٹی ٹرانسپورٹ اڈے میں مبینہ کرپشن کے الزامات میں 90 روز کے لیے معطل کر دیا تھا۔

جب کہ شیخ انصر عزیز نے اپنی معطلی کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا تھا۔