Buy website traffic cheap


ملک کی اپنی سیونگ نہیں ہوگی تو بیرونی قرض لینا ناگزیر ہوگا، رضا باقر

کراچی: گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیونگ ریٹ اب بھی بہت کم ہے لہٰذا ملک کی اپنی سیونگ نہیں ہوگی تو بیرون ملک سے قرض لینا ناگزیر ہوگا۔

نٹ شی گروپ اور مارٹن ڈاؤ گروپ کے زیر اہتمام کراچی کے مقامی ہوٹل میں 2روزہ دی فیوچر سمٹ کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز ہوگیا ہے جس کے مہمان خصوصی گورنر سندھ عمران اسماعیل تھے جبکہ گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر خاص مہمانوں میں شامل تھے۔

گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا کہ گزشتہ دو، تین سال میں پاکستان کی اہم اقدامات کیے گئے ہیں، سب سے پہلے کورونا وباکے حوالے سے کورونا تیزی سے پھیل رہا تھا اس دوران حکمت عملی تیار کی اور سخت معاشی فیصلے لیے گئے اور عوام کی پریشانی کا ادراک کرتے ہوئے عوام کے لیے احساس کیش پروگرام کے ذریعے عوام کو فوری ریلیف دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیونگ ریٹ اب بھی بہت کم ہے، ملک کی اپنی سیونگ نہیں ہوگی تو بیرون ملک سے قرض لینا ناگزیر ہوگا۔

تقریب کے استقبالیہ میں سابق چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل سہیل امان نے سمٹ کے ابتدائیہ خطاب میں کہا کہ پاکستان ایک مثبت سمت پر ہے اور جو لوگ دنیا کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں انھیں چیلنجز کا سامنا ہوتا ہے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وبا کے دوران دنیا بند تھی لیکن وزیر اعظم عمران خان نے لاک ڈاؤن سے اجتناب کیا جس کے نتیجے میں تنقید کا بھی سامنا رہا پھر وقت نے ثابت کیا کے عمران خان نے جو فیصلہ کیا درست تھا۔

چیئرپرسن پاکستان اسٹاک ایکسچینج ڈاکٹر شمشاد اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اپنی انشورنس کمپنیوں کو پی ایس ایکس میں اندراج کرنا ہوگا، سال 2021 میں پی ایس ایکس کی کمپنیوں نے ریکارڈ منافع کمایا ہے جبکہ اسٹاک ایکس چینج میں اصلاحات کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کو آسان موبائل اکاونٹ فراہم کرے گی۔

کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو مونس عبداللہ علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت بجلی کی پیداوار صلاحیت طلب سے زائد ہے، اب یہ موقع ہے کہ ہم اپنے پالیسی فریم ورک پر نظرثانی کریں اور ماضی کی پاور پالیسیوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر پالیسیاں بنائی جائیں،فیوچر سمٹ کے پانچویں ایڈیشن کے پہلے روز مختلف سیشنز سے ملک کے نامور کارپوریٹ سیکٹر کی شخصیات اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔