
بیٹے کو جیل سے نکالنے کے لیے ماں نے 35 فٹ طویل سرنگ کھود ڈالی
یوکرین(مانیٹرنگ ڈیسک) ممتا کے عظیم جذبے سے سرشار ماں نے اپنے بیٹے کو جیل سے نکالنے کے لیے اس کی دیوار کے پاس 35 فٹ طویل سرنگ کھود ڈالی جو جیل کی حدود تک پہنچ چکی تھی تاہم خاتون پکڑی گئیں۔
یہ واقعہ یوکرین کے قریب نائیکولائف شہر میں پیش آیا جہاں 51 سالہ خاتون کا بیٹا قتل کے الزام میں عمر قید کی سزا کاٹ رہا ہے۔ خاتون نے جیل کے قریب ایک مکان کرائے پر لیا اور رات کے وقت بجلی سے چلنے والی خاموش اسکوٹر پر جیل کے قریب پہنچتی اور خاص آلات سے وہاں زمین کھودنا شروع کرتی۔ اس کے بعد کا ملبہ باہرنکال کر اسے ٹھکانے لگاتی۔ صرف رات کے وقت وہ اپنا کام کرتی اور تین ہفتے کی مسلسل کوشش کے بعد وہ جیل
کے احاطے کے اندر پہنچ گئی تھی کہ پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔
خاتون دن کے وقت اپنے گھر میں ہی محصور رہتی تاکہ اہل محلہ اسے پہچان نہ سکیں اور رات کے وقت سرنگ کھودنے کا کام کررہی تھی۔ اس نے تنِ تنہا 35 فٹ طویل سرنگ کھودی جس کی گہرائی 10 فٹ تک تھی۔ اس پورے عرصے میں وہ تین ٹن مٹی اور ملبہ ہٹا چکی تھی۔
گرفتار ہونے پر اس کے گھر سے کھدائی کا دیگر سامان بھی برآمد ہوا جن میں بیلچے اور پھاو¿ڑے شامل ہیں۔ اگرچہ اس کا جرم سنگین ہے لیکن سوشل میڈیا پر لوگوں نے اس عمل کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیٹے کی محبت سے مجبور ماں نے یہ قدم اٹھایا اور اسی لیے یہ ایک حقیقی عظیم ماں ہے