Buy website traffic cheap

سعودی عرب

سعودی عرب سے پاکستانیوں کے لیے خوشخبریوں کا سلسلہ جاری

لاہور(ویب ڈیسک): سعودی عرب نے پاکستانی عازمین حج کو امیگریشن کے عمل کی سہولت دیدی ہے اور پاکستان کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے ساتھ ساتھ ای ویزہ کی سہولت والے ممالک میں شامل کرلیا گیا ہے جس کے بعد اب عازمین حج کے پاسپورٹ سعودی سفارتخانے بھجوانے کی پابندی ختم ہوچکی ہے، اب عازمین حج کو ان کا حج ویزہ ان کے گھر پہنچایا جائے گا۔اس حوالے سے وفاقی وزیرمذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی کوششیں رنگ لے آئی ہیں، پاکستانی عازمین حج سعودی ایئرپورٹس پر انتظار کی کوفت سے بچ جائیں گے اورعازمین کو امیگریشن کے عمل میں ناقابل یقین حد تک سہولت ملے گی ، کراچی کےعازمین حج کی امیگریشن کراچی میں ہی ہو جائے گی، جب کہ لاہور اور اسلام آباد میں بھی امیگریشن سہولت کی کوشش کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے بعد وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا۔سعودی عرب کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کا وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا جبکہ جدہ سے 5پاکستانی رہائی ملنے کے بعد لاہور پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر اترتے ہی وہ سجدہ میں گر گئے، ایف آئی اے امیگریشن نے جانچ پڑتال کے بعد انھیں گھروں کوجانے کی اجازت دیدی ،ان کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو تھے، انھوں نے وزیراعظم عمران خان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ان کا کہنا تھا کہ بڑی مشکل حالات دیکھے ایک دو برسوں سے گھر ایک پائی بھی کما کر نہیں بھجوا سکے، رہائی ملنے پر اللہ کے بعد عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان بن محمد کے شکر گزار ہیں، انہوں نے بتایا کہ ابھی بہت سے قیدی ہیں جن کو ایک دو روز میں رہائی مل جائے گی ان کی سفری دستاویزات مکمل ہوتے ہی وطن واپس پہنچ جائیں گے۔ یادرہے کہ سعودی عرب نے پاکستانیوں کا حج کوٹہ ایک لاکھ چوراسی ہزارسے بڑھا کر دو لاکھ کردیا ہے.