Buy website traffic cheap


پاکستانی فلم ” پرے ہٹ لو ” کا ٹریلر جاری کردیا گیا

لاہور(ویب ڈیسک): شائقین کے بے حد انتظار کے بعد ماہرہ خان کی اداؤں، شہریار منور اورمایا علی کی عمدہ اداکاری اور فواد خان کی سحر انگیز شخصیت سے سجا فلم ’’پرے ہٹ لو‘‘ کا ٹریلر ریلیز ہوتے ہی مداحوں میں مقبول ہوگیا۔ ماہرہ خان، شہریار منور اور مایا علی کی فلم’’پرے ہٹ لو‘‘کا انتظار شائقین بے چینی سے کررہے تھے یہی وجہ ہے کہ فلم کا ٹریلر ریلیز ہوتے ہی مقبول ہوگیا۔ ٹریلر میں شہریار منور ٹی وی اداکار کا کردار نبھارہے ہیں جو شادی سے بیزار کسی اچھے رول کی تلاش میں ہیں۔شہریار منور کی زندگی اس وقت نیا موڑلیتی ہے جب ان کی زندگی میں مایا علی اندھیرے میں روشنی کی کرن بن کر آتی ہیں۔ ایک طرف تو ٹریلر میں مایا علی اورشہریار کے درمیان رومینس دکھایاگیا ہے وہیں دوسری طرف مایا شہریار کو دھوکہ دیتی نظر آرہی ہیں۔ فلم کا یہ سسپنس یقیناً شائقین کو فلم سے جوڑے رکھے گا۔تاہم ماہرہ خان کی انٹری سے جیسے ٹریلر میں جان پڑ جاتی ہے فلم میں ماہرہ خان اپنی پچھلی فلموں کی نسبت بے حد خوبصورت اور منفرد کردار میں نظر آئیں گی۔شائقین میں ماہرہ کا یہ انداز پہلے ہی مقبول ہوچکا ہے۔ فلم میں شہریار منور، مایا علی اور ماہرہ خان کی موجودگی سے تو شائقین پہلے ہی واقف تھے تاہم سپراسٹار فواد خان کی موجودگی مداحوں کے لیے سرپرائز ثابت ہوئی ہے۔عاصم رضا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’’پرے ہٹ لو‘‘ کا ٹریلر یوٹیوب پراب تک دو لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔ فلم کی کاسٹ کے حوالے سے بات کی جائے تو فلم میں شہریارمنور اورمایا علی مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے جب کہ ماہرہ خان بھی فلم میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔دیگر کاسٹ میں اداکار ندیم بیگ، زارا نور عباس، احمد علی بٹ اور حنا دلپزیر شامل ہیں۔ جب کہ اداکارہ میرا، سونیا جہاں اور فواد خان فلم میں مہمان اداکار کے طور پر نظر آئیں گے۔ فلم عیدالضحیٰ کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔