Buy website traffic cheap

دلکش

شادیوں کے دلکش پہناوے

لاہور(ویب ڈیسک)موسم کے تیور بدلتے ہی ہمارے طرززندگی،لباس اور کھانوں کے انداز کا بدلنا یقینی امر ہے ۔موسم سرما جو نہی عروج کو پہنچتا ہے ۔شادیوں کی تقریبات کا سلسلہ بھی شروع ہوتا ہے اور اس موقع کے لئے ہمیں فیشن کے جدید رجحان کے مطابق ملبوسات درکار ہوتے ہیں تو چلئے آج موسم سرمامیں مروج اور خارج دونوں قسموں کے ملبوسات کا ذکر کرتے چلیں۔موسم کی شدت اور خنک ہواؤں کو دیکھتے ہوئے آپ سوتی لباس میں خاص کر لان کو خیر باد کہیں گی۔

لینن،کیمبرک اور کرنڈی یا کاٹن سلک جیسے میٹریل کا انتخاب کریں گی ۔دو پٹے اب بزرگ اور سنجیدہ۔
(مشرقی خواتین )ہی پہنیں گی نوجوان فیشن ایبل خواتین شالز اوڑھیں گی۔صوفیانہ اور مدھم رنگ خارج ہوں گے ،شوخ ،چمکدار اور گہرے رنگوں کے ملبوسات کا انتخاب کرنا موسم کی شدت سے بچاؤ کا ایک بہانہ بھی ہے اور ضرورت بھی ۔

اگر مدھم رنگ پہننے ناگزیر ہوئے تو سیاہ،نیوی بلو،گہرے بھورے یا سرخ رنگ کی شال کا استعمال بھی بڑھے گا۔

گہر ا سبز،جامنی ،ارغوانی ،سرخ اور سیاہ رنگ موسم سرما کے خاص رنگ ہوتے ہیں باقی امتزاج کرنے سے خواتین کے سراپے کی دلکشی میں کئی گنا اضافہ بھی دیکھنے میں آتا ہے ۔
ڈیزائن فلاسفی
موسم سرما امنگیں جگانے والا موسم ہے ۔اسے پہننے اوڑھنے اور مرغن کھانے کا موسم بھی کہا جائے تو غلط نہ ہو گا۔گرمیوں کے موسم میں ایک الجھن اور ہیجان محسوس ہوتا ہے جبکہ موسم سرما انسانوں میں ولولہ، جوش،
تحریک اور خوشگوار احساس بیدار کرتا ہے دوسرے معنوں میں انسان خود کو ہلکا پھلکا اور توانا محسوس کرتا ہے بشر طیکہ وہ صحت مند ہو۔

ڈیزائن فلاسفی روایت سے جدت تک کا ایک لامتناہی سلسلہ ہے جس کے اثرات طرززندگی پرپڑتے ہیں ۔رنگ گہرے ہوں کپڑے پر نقش ہونے والے پرنٹ حرارت آمیز اور پر کشش ہوں ۔فطرتی سے جیو میٹر یکل پر نٹس تک جامہ زیبی میں رومانیت کا تاثر اجاگر ہو ،آپ کے جوتوں کی ساخت ایسی ہو کہ پیروں کو سردی سے بچاؤ کی تدبیر متاثر کن رہی ہو ۔
غرضیکہ ہر موسم کے طرز زندگی کی ڈیزائن فلاسفی دوسرے سے مختلف ہوتی ہے ۔
گرمیوں میں ہم چپلیں اور سینڈ لز کا انتخاب اس لئے بھی کرتے ہیں کہ انگلیوں اور ایڑھیوں کو ہوا لگتی رہے سردیوں میں موزوں کا استعمال کر کے انہیں خنکی سے محفوظ رکھتے ہیں ۔ڈیزائن فلاسفی ہر جگہ ہماری معاونت کرتی ہے چاہے تقریبات کے رسمی لباس ہوں یا روز مرہ پہننے والے ملبوسات ،ہمارے موسمی کھانے ہوں ،کمرے ٹھنڈے یا حرارت سے پر رکھنے کے انداز ہوں اور گھر یلو سطح کے دوسرے شعبے ہوں ۔
اب آےئے رسمی ملبوسات کے رجحانات سے متعلق جائزہ لیتے چلیں ۔
تقریبات کے ملبوسات
پینٹ ساڑھی ،گھٹنوں تک لمبی قمیضیں ،پلازو پینٹس ،گاؤنز،فرنٹ اوپن شرٹس کیمی سولز کے ساتھ ،کولڈ شولڈ رمیکسی شرٹس یہ ہیں چند ایسے رجحان جو ملبوسات پر اپنی دھاک بٹھا چکے ہیں۔
گھٹنوں تک لمبی قمیض
ایک بار پھر آپ کی پرانی وارڈ روب کار آمد ہونے جارہی ہے ۔
اگر آپ نے ہر قمیض کو لمبائی سے کانٹ چھانٹ کر مختصر نہیں کیا ہے تو اب ایسا کرنے کی ضرورت بھی نہیں کیونکہ لمبی قمیضیں فیشن میں آگئی ہیں ۔
پلازو
آپ شلوار کے کپڑے کے لئے2.5میٹر کپڑا خریدتی ہیں ۔پلازو بنانے کے لئے بھی آپ کو اتنا ہی کپڑا درکار ہو گا۔یہ بہت آرام دہ Pantہے۔آپ چاہیں تو Pleatsکی مدد سے اسے منفرد انداز دے سکتی ہیں ۔یہ پر نٹڈ کپڑے سے بھی بنائی جاتی ہے ۔
آپ لمبی قمیض کے ساتھ بھی اس Pantکو پہن سکتی ہیں ۔یہ ہر انداز سے جاذب نظر انتخاب ہے ۔
Pant Sari
یہ اعلیٰ متمول گھر ا نوں میں قدرے زیادہ پسند کی جانے والی ساڑھی ہے ۔یہ روایتی ساڑھی سے ہٹ کر نئے پن کا احساس بھی دلاتی ہے ۔پاکستان میں اسے ماڈلز اور اداکاروں کے بعد جدید یت کی حامی خواتین کے حلقوں میں خاطر خواہ حد تک پذیرائی ملی ہے ۔
لہنگا چولی
اب یہ لباس بالی وڈ کی فلموں تک محدود نہیں رہا۔
ہمارے یہاں مہندی مایوں سے لے کر بارات اور ولیمے تک کے خاص موقعوں پر نوجوان لڑکیاں کا مدار لہنگے چولیاں پہنتی ہیں ۔مہندی مایوں کے لئے زردی مائل یا سبز رنگوں کا چناؤ کیا جاتا ہے ۔شادی اور ولیمے کے لئے کھلتے ہوئے شوخ اور گہرے رنگوں کا انتخاب نگاہوں کو بہت بھلا لگتا ہے ۔فیبرک یعنی لباس کے میٹریل کے ضمن میں تنوع موجود ہے آرگنز ا، جماوار ،چائنا سلک ،مخمل ،شاموز غرضیکہ مارکیٹ کی ونڈوشاپنگ کی جائے تو اچھی خاصی ورائٹی نظر آتی ہے۔

بچت کا اسٹائلش انداز
اپنی وار ڈ روب کا جائزہ لیجئے۔کوئی Pantایسی ہے جو قیمتی کپڑے کی ہے مگر اس کے ساتھ پہنی جانے والی قمیض اتنی جاذب نظر نہیں تو صرف قمیض خرید لیجئے یا سلوا لیجئے۔یہ پرانا جوڑانیا ہو جائے گا۔
کسی قمیض کی آستینیں تبدیل کر لی جائیں تو قمیض نئی معلوم ہو گی اور آپ کی شخصیت پر اعتماد ہی نہیں پر کشش بھی ہو جائے گا۔
فرنٹ اوپن شرٹ ڈریس
یہ ڈبل شرٹ ڈریس ہوتا ہے ۔پاکستان میں خاصا مقبول رجحان ہے ،یہ آستینوں کے ساتھ اور بغیر دونوں انداز سے پہنا جاتا ہے ۔یہ کوٹ اسٹائل شرٹ بے پناہ خوبصورت انتخاب ہے۔